مظفر آباد: سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے وفد کا حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ
مظفر آباد: سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ، مظفرآباد کے دفتر کا دورہ کیا۔ وفد میں صدر سنٹرل بار مظفرآباد راجہ صنم افتخار ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ احمد میر ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری محمد فیصل ملک ایڈووکیٹ، سیکرٹری فائنانس سردار کامران خان ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات محمد خوشحال خان ایڈووکیٹ، اویس عارف اعوان اور خواجہ محمد ایڈووکیٹ شامل تھے۔وفد نے حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، عبدالمجید میر اور مشتاق الاسلام سے ملاقات کی۔ اس دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی اور قانونی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران بھارتی جیلوں میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت اور خواتین کی حالتِ زار پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام حریت رہنماؤں اور کشمیری قیدیوں، بالخصوص خواتین رہنماؤں کی سلامتی، صحت اور بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی، کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔






