بھارت :پنجاب میں بھارتی پولیس کے افسرکو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا
چندیگڑھ :بھارتی ریاست پنجاب میں پولیس کی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(سی آئی اے) سے وابستہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر(اے ایس آئی)کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے نوشہرہ پنواں کے علاقے میں پولیس افسر کو نشانہ بنایا۔حملہ آوروں نے انتہائی قریب سے کئی گولیاں چلائیں جن میں سے دو گولیاں افسر کو لگیں۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول اقبال سنگھ نوشہرہ پنواں کا رہائشی تھا جو تھانہ سرہالی کی حدود میں واقع ہے۔ وہ اتوار کی شام فیروزپور میں ڈیوٹی انجام دینے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے اسے راستے میں روک کر فائرنگ کر دی جسے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔








