دہلی ہائی کورٹ نے یاسین ملک کی عدم پیشی پر رپورٹ طلب کر لی
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے غیر قانونی طور پر زیرِ حراست جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی ایک جھوٹے مقدمے میں عدم پیشی پر جیل حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس ارون بھردواج پر مشتمل بنچ نے نشاندہی کی کہ یاسین ملک کو آن لائن عدالت میں پیش کیا جانا تھا، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ بنچ نے اس سلسلے میں متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی۔
محمد یاسین ملک اس وقت نئی دہلی کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ اس مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ عدالت نے معاملے کی مزید سماعت کے لیے 9 دسمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس روز ملک کو عدالتی کارروائی میں ورچوئل طریقے سے پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے مقدمے میں محمد یاسین ملک کے لیے سزائے موت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
24 مئی 2022 کو ایک ٹرائل کورٹ نے یاسین ملک کو کالے قانون یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون) اور انڈین پینل کوڈ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی تھی۔





