گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ احتساب اور شفافیت کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے، سریندر چودھری
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے بھارتی چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے حوالے سے نئی دہلی میں ہونے والے مظاہروں کا بھر پور دفاع کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ نے گاندربل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی دارالحکومت میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال اور لاٹھی چارج کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین اظہار رائے کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کی ضمانت دیتا ہے، جمہوری اداروں کے کام کاج سے متعلق الزامات کی بنیاد پر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ، احتساب اور شفافیت کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔
سریندر چودھری نے کہا جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے، ہمیں ایک شفاف، فعال اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن یقینی بنانا ہوگا۔ آپ طاقت کے زور پر نوجوانوں کی آواز نہیں دبا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ عقیدہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ مذہبی معاملات میں احکامات جاری کرے۔








