بھارت: منی پور میں 3 افراد کے قتل کے خلاف ہڑتال سے معمولاتِ زندگی درہم برہم
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں مسلح شدت پسندوں کے ہاتھوں میتی برادری کے تین افراد کے قتل کے خلاف منگل کو وادیٔ امپھال کے پانچ اضلاع میں 48 گھنٹے کی ہڑتال کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر رہے۔
ہڑتال کی اپیل ایک شہری تنظیم نے کی تھی۔ اس دوران دکانیں، بازار، تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہے، جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی تقریباً غائب رہی۔
حکام کے مطابق، میتی برادری کی اکثریت والی وادی کے پانچ اضلاع، امپھال ایسٹ، امپھال ویسٹ، تھوبل، بشنوپور اور کاکچنگ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں بیشتر تجارتی سرگرمیاں ٹھپ رہیں اور آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلی، جبکہ بعض مقامات پر صرف چند نجی گاڑیاں نظر آئیں۔
منگل اور بدھ کو ہڑتال کی اپیل کرنے والی تنظیم نیٹیو پیپلز کمیٹی منی پور (این پی سی ایم) کے ارکان نے امپھال ایسٹ اور امپھال ویسٹ کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند کرکے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پیر کو ضلع کَنگ پوکپی کی سُنوروک پہاڑیوں میں لکڑیاں جمع کرنے گئے تین دیہاتیوں کے قتل کی مذمت کی۔
امپھال اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا کیں۔
پولیس کے مطابق، پیر کو ضلع کَنگ پوکپی میں لکڑیاں جمع کرنے گئے دیہاتیوں کے ایک گروپ پر مشتبہ مسلح شدت پسندوں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں میتی برادری کے تین افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس نے کہا کہ منی پور پولیس، بھارتی نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، فوج، آسام رائفلز اور دیگر سکیورٹی ادارے امن و امان برقرار رکھنے اور تشدد کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔







