پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، وزیراعظم
بھارت نے اگر پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور اگر بھارت نے پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے پر پاکستان کو شدید تشویش ہے اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔
وزیراعظم نے تنازعہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستان اور مالدیپ ہم آواز ہیں۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے نصب العین کی حمایت کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر مالدیپ کے اصولی مؤقف کو بھی سراہا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن کے دوران 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کی ملاقات بھی ہوئی۔
مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور اس کی قومی ترقی کی ترجیحات میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے امن، مذاکرات، خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔





