امریکہ کے لیے پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہیں
امریکی وزیر خارجہ کا دورۂ بھارت کے دوران اہم بیان
ممبئی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جنوبی ایشیائی خطے میں پاکستان کی نمایاں اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جغرافیائی اہمیت اور پاکستان کی جوہری صلاحیت کے باعث امریکہ کے لیے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، جو بھارت کے دورے پر ہیں، نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے اور جغرافیائی اعتبار سے امریکہ کے لیے اس کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھارت کو ایران کے ساتھ تعلقات رکھنے اور اس کی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کی ضرورت ہے، اسی طرح امریکہ کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا اہم ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنا آسان نہیں، تاہم یہ امریکی خارجہ پالیسی کا لازمی حصہ ہے۔ ان کے بقول، پاکستان کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے سے واشنگٹن کو ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی میں مدد مل سکتی ہے جن پر بھارت کو تشویش ہے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی اور دہشت گردی کی سرپرستی کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کی حیثیت سے انہیں ایسے ممالک کے ساتھ بھی تعلقات برقرار رکھنے ہوتے ہیں جن کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات موجود ہوں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مئی 2025 میں ہونے والی جنگ کے بعد سے دونوں روایتی حریف جوہری طاقتوں، پاکستان اور بھارت، کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔





