منی پور میں نوجوان کے قتل کے خلاف دوروزہ ہڑتال کا اعلان
امپھال :شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں لیش رام راکیش سنگھ کے قتل کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پوری ریاست میں آج سے دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔
راکیش سنگھ کو 18اکتوبر کو کھانگابوک میںگولی مار کر قتل کر دیاگیاتھا۔ وہ تھوبل پولیس اسٹیشن کی حدود میں پلی بازار کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور بعدازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری کے مطالبے پر احتجاجی تحریک شروع کر رکھی ہے۔ ہڑتال سے قبل چار روز تک دھرنے دیے گئے۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
آج صبح کھانگابوک کے شہری بڑی تعداد میں امپھال۔مورے روڈ پر نکل آئے۔ انہوں نے سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔ مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر بھی احتجاج کیا گیا۔احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت اورمعمولاتِ زندگی متاثر رہے ۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گزشتہ روز بھی ریاستی وزیر اعلی کو ایک یادداشت پیش کی تھی، جس میں قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔








