مقبوضہ جموں و کشمیر

ایمان کا اظہار کردار وعمل اور عدل و انصاف سے ہونا چاہیے: میرواعظ عمر فاروق

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ایمان محض عبادات اور زبانی اقرار تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کا عملی اظہار انسان کے کردار، اخلاق، طرزِ عمل اور دوسروں کے ساتھ معاملات میں ہونا چاہیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نمام جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں اخلاقی جواب دہی، حقوق العباد کے احترام اور وقت کے درست استعمال پر زوردیا۔ انہوںنے ”سورة العصر “کے جامع اور گہرے پیغام پر روشنی ڈالی، جس میں وقت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انسان کو یاد دلایا گیا ہے کہ حقیقی کامیابی ایمان، عملِ صالح، حق پر قائم رہنے اور صبر و استقامت اختیار کرنے میں مضمر ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ انسان دولت، منصب اور دنیاوی کامیابیوں کے حصول میں اپنی توانائیاں صرف کرتا ہے، لیکن اکثر اس بنیادی سوال سے غافل رہتا ہے کہ اس کی زندگی کس طرح گزر رہی ہے اور وہ اپنے قیمتی وقت کو کن مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم میں خسارے کا تصور محض مالی یا مادی نقصان تک محدود نہیں، بلکہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ ایک شخص دولت، اثر و رسوخ اور منصب کا مالک ہونے کے باوجود حقیقی خسارے میں ہو سکتا ہے، اگر اس کی زندگی میں دیانت داری، ہمدردی، عدل و انصاف اور احساسِ جواب دہی کا فقدان ہو۔
میرواعظ نے زور دیا کہ معاملات میں دیانت داری، دوسروں کے حقوق کا احترام، کمزور اور ضرورت مند افراد کے ساتھ ہمدردی اور عدل و انصاف کی پاسداری ایمان کے بنیادی عملی تقاضے ہیں۔ یہ اصول ان لوگوں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوتے ہیں جو اقتدار یا عوامی ذمہ داریوں کے منصب پر فائز ہیں۔ اختیار اور اقتدار ایک امانت ہیں، جنہیں جواب دہی، انصاف اور عوام کی عزت و وقار اور جائز حقوق کے احترام کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی مادہ پرستی، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور نئی نسل کو درپیش چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی وقت کے ضیاع سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج گھنٹوں سوشل میڈیا پر غیرضروری مصروفیات اور بے مقصد سرگرمیوں میں وقت ضائع کیا جا رہا ہے، جس سے تعلیم، خاندانی تعلقات اور ذاتی نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور دینی اداروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور ان کے ساتھ بامعنی رابطے کو مضبوط بنائیں۔
میرواعظ نے کہا کہ غیر یقینی حالات اور متعدد سماجی چیلنجوں کا سامنا کرنے والے معاشرے میں دینی وابستگی کا عملی اظہار ذاتی ذمہ داری، سماجی ہمدردی اور عدل و انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اجتماعی فکر و عمل کی صورت میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار، طرزِ عمل اور ذمہ داریوں کا سنجیدگی سے محاسبہ کریں، کیونکہ ایمان کی حقیقی قدر وقیمت کا اندازہ محض انسان کے دعووں اور اقرار سے نہیں، بلکہ اس کی طرز عمل اور دوسروں کے ساتھ اس کے برتا ﺅ سے ہوتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button