بھارتی فضائیہ کا ایرو اسپیس بحران: دہائیوں کی تاخیر، ناکام مشترکہ منصوبے اور کھوکھلے وعدے
نئی دہلی :بھارت کے ایرو اسپیس عزائم مسلسل ناکامیوں، مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے، افسر شاہی کی مفلوج بیوروکریسی اور نجی شعبے کی ناقص کارکردگی کا شکار ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز اور ایئربس کا انتہائی تشہیر یافتہ C-295 پروگرام جس پر ستمبر 2021 میں 56 طیاروں کے لیے 2.5 ارب امریکی ڈالر (21,935 کروڑ بھارتی روپے) کا معاہدہ ہوا، اسی نظامی خرابی کی عکاسی کرتا ہے۔
اسپین سے 16 مکمل تیار طیارے بھارت پہنچے، جبکہ باقی 40 طیاروں کو بھارت میں اسمبل کیا جانا تھا۔ودودرا میں طیاروں کی حتمی اسمبلی لائن کا افتتاح 28 اکتوبر 2024 کو بڑے دھوم دھام سے کیا گیا۔ تاہم بھارت میں تیار ہونے والا پہلا طیارہ، جسے مئی 2026 میں اسمبلی لائن سے باہر نکالا گیا اور جون 2026 میں اس کی پہلی پرواز ہوئی، اب بھی پیداواری آزمائشوں کے مرحلے میں پھنسا ہوا ہے۔
ستمبر 2026 میں طے شدہ ترسیل اب معمولی مسائل کے باعث مزید ایک سے دو ماہ تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ معاہدے پر دستخط کے پانچ سال بعد بھی بھارتی فضائیہ اپنی ہی سرزمین پر قائم اسمبلی لائن سے طیاروں کی فراہمی کی منتظر ہے۔
یہ کوئی واحد ناکامی نہیں ہے۔ ماضی کے مشترکہ منصوبے بھی اسی طرح کی پیچیدگیوں اور تکنیکی صلاحیتوں کی کمی کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری طرف ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) کے تیجس Mk-1A پروگرام کے تحت جس کے لیے 2021 میں تقریباً 46,000 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے 83 طیاروں کا آرڈر دیا گیا تھا، 2026 کے اواخر تک ایک بھی طیارہ فراہم نہیں کیا جا سکا۔
ابتدائی منصوبے کے مطابق ترسیل مارچ 2024 میں شروع ہونی تھی، لیکن جنرل الیکٹرک (GE) کے F404 انجن اب بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔99 انجنوں میں سے صرف چند ہی موصول ہوئے ہیں، جبکہ سافٹ ویئر اور مختلف نظاموں کو یکجا کرنے میں ناکامیوں نے مسائل مزید بڑھا دیے ہیں۔
تیجس Mk-1 کے ابتدائی 40 طیاروں کے آرڈر کی تکمیل بھی ستمبر 2026 میں مکمل ہوئی، یعنی مقررہ مدت سے پورا ایک عشرہ تاخیر کے بعد۔
بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرنز کی تعداد کم ہو کر 29 رہ گئی ہے، جبکہ منظور شدہ تعداد 42 اسکواڈرنز ہے۔ کاویری انجن پروگرام جس کا آغاز 1980 کی دہائی میں ہوا تھا، ہزاروں کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود اب تک کوئی ایسا انجن فراہم نہیں کر سکا جو قابلِ پرواز ہو۔
ضابطہ جاتی تاخیر، بیرونی ٹیکنالوجی پر انحصار اور عمل درآمد کی ناکامیاں بھارتی ایرو اسپیس شعبے کی پہچان بن چکی ہیں، خواہ معاملہ سرکاری اداروں کا ہو یا نجی شعبے کے مشترکہ منصوبوں کا۔C-295 کی نام نہاد ”سنگِ میل کامیابی“ دراصل وعدوں سے انحراف اور اہداف کی عدم تکمیل کی ایک طویل تاریخ کا تازہ ترین باب ہے۔







