بھارت :سیانگ پن بجلی منصوبے کے خلاف اروناچل پردیش میں لوگ سراپا احتجاج
بھارت کی لاٹھیوں اور جھوٹ کے ذریعے مقامی آبادی کی آوازوں کو دبانے کی کوشش
نئی دہلی:سیانگ میگا ڈیم کے لیے بھارت کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کے ساتھ پیش قدمی اس بات کی واضح مثال ہے کہ نئی دہلی کس طرح ”قومی مفاد“ کے نام پر مقامی آبادی کے حقوق کو پامال کر رہی ہے۔
2025 میں بھارتی حکومت نے اس منصوبے کے ابتدائی امکانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے شروع کیے۔ حکومت کے دعوے کے مطابق یہ ملک کا سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہوگا، جس کی پیداواری صلاحیت 11,000 میگاواٹ ہوگی۔ یہ دیوہیکل منصوبہ اروناچل پردیش کے ضلع سیانگ میں تعمیر کیا جانا ہے۔
پہلے ہی دن سے لوگوں نے اس منصوبے کو مسترد کر دیا جن کی زمینیں، دریا اور ذریعہ معاش اس سے براہِ راست متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 4 اکتوبر کو سیانگ انڈیجینس فارمرز فورم اور آل آدی یوتھ ایسوسی ایشن نے ایک واضح اور پرامن احتجاج منظم کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حقیقی زمین مالکان کی مرضی کے خلاف یا طاقت کے زور پر کوئی سروے نہ کیا جائے۔
بھارت کا ردِعمل حسبِ توقع تھا جس میںپولیس تشدد، لاٹھی چارج، من مانی گرفتاریاں اور بالائی سیانگ کے گاوں کومکر میں بھارتی مسلح فورسز اور ریاستی پولیس کی تعیناتی شامل ہے۔ جب مشتعل دیہاتیوں نے غصے میں پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی تو حکام نے سڑکوں پر مزید نفری تعینات کر دی۔
اس کے بعد اروناچل پردیش کی حکومت نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ آبادی کی اکثریت پہلے ہی مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر چکی ہے۔تاہم، مقامی لوگ اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
دراصل ان 27 دیہات کی آگاہی کے لئے کوئی مہم نہیں چلائی گئی جنہیں زیرِ آب آنے یا بے دخلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈیم ان کی آبائی زمینوں اور دریا پر مبنی اس معیشت کو تباہ کر دے گا جو ان کی زندگیوں کا سہارا ہے۔
نئی دہلی کا جواب بھارتی فورسز اہلکاروں کی مزید تعیناتی، تشدد، لاٹھیوں اور رضامندی کے بارے میں مزید بے بنیاد دعووں کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
اس منصوبے کو دریائے یارلنگ سانگپو پر چین کے ڈیم کے مقابلے میں ایک تزویراتی اقدام کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ موقف شاید ساوتھ بلاک کے بریفنگ رومز میں موثر معلوم ہو، لیکن اس سے اروناچل پردیش میں ابھرنے والی داخلی سلامتی کی بگڑتی صورتِ حال اور شمال مشرقی بھارت سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بڑھتے ہوئے احتجاج کو روکا نہیں جاسکتا۔
بھارت ایک بار پھر رضامندی کے بجائے جبر، قبائلی حقِ خود ارادیت کے بجائے مرکزی حکومت کے یک طرفہ احکامات اور بجلی کی پیداوار و جغرافیائی سیاسی مقاصد کے نام پر آبادیوں کو بے گھر کرنے والے ایک بڑے منصوبے کا انتخاب کر رہا ہے۔
بھارت کا یہ طرزِ عمل نیا نہیں ہے،پہلے ایک بہت بڑے منصوبے کا اعلان کرو، مقامی مخالفت کو نظرانداز کرو، اختلافِ رائے رکھنے والوں کو ملک دشمن قرار دو، پھر طاقت کے ذریعے ان کی آواز دباو اور اس کے باوجود اصرار کرو کہ عوام اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں۔
سیانگ میں ہونے والے احتجاج نے اس طرزِ عمل کی کھوکھلی حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ مقامی آبادی کی آوازیں ایسی رکاوٹیں نہیں جنہیں راستے سے ہٹایا جائے بلکہ وہ اس معاملے کے اولین اور سب سے زیادہ جائز حق دار فریق ہیں۔
جب تک بھارت اپنے ہی سرحدی علاقوں کے شہریوں کو تزویراتی منصوبہ بندی کے لیے قابلِ قربانی زمین سمجھنا بند نہیں کرتا، ہر نیا ڈیم اسی ناراضی کو مزید گہرا کرے گا جس سے تحفظ فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔






