وادی کشمیر میں مزید ناکے قائم کرنے کا فیصلہ، کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ
سرینگر: قابض حکام نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون سجیت کمار کی صدارت میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد وادی کشمیر میں مزید ناکے قائم کر دیے ہیں جس سے کشمیریوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آئی جی پی سجیت کمار کی جانب سے پولیس ناکوں کو مزید موثر بنانے اور خفیہ معلومات جمع کرنے کے لئے استعمال کرنے کی ہدایت کے بعد یہ ناکے قائم کیے گئے۔ آئی جی پی نے سکیورٹی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجز کی کڑی نگرانی، خفیہ معلومات جمع کرنے کے نظام کو مضبوط بنانے اور امن برقرار رکھنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ناکوں کو مزید متحرک اور موثر بنایا جائے اور پولیس تھانوں اوردیگراداروںکی تیاریوں کو یقینی بنایاجائے۔
وادی بھر میں ناکے قائم کیے جانے کے نتیجے میں سڑکوں اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور تلاشی کے عمل میں شدت آ گئی ہے، جبکہ کشمیریوں کو ہراسانی اور تذلیل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان اقدامات کے باعث طویل ٹریفک جام لگ جاتے ہیں اور عام لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں تاخیر اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایسے اقدامات نگرانی کا دائرہ وسیع کرنے اور کالے قوانین کے تحت نوجوانوں کو من مانے طریقے سے گرفتارکرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔







