ہائی کورٹ نے کالے قانون کے تحت کشمیری نوجوان کی نظر بندی کالعدم قرار دے دی
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہائی کورٹ نے ایک بے گناہ نوجوان کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نظر بندی کا حکم کالعدم قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس راجیش سیکھری نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے گلزار احمد وید کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کسی شخص کو احتیاطی حراست میں اس وقت تک نہیں رکھ سکتی جب تک اس کے لیے ٹھوس وجوہات اورہنگامی صورتحال کا جواز موجود نہ ہو جن سے عام قانون کے تحت نمٹنا ممکن نہ ہو۔
عدالت نے کہاکہ جب کوئی نظربند شخص پہلے ہی بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کر رہا ہو تو نظر بندی کا حکم دینے والی اتھارٹی پر لازم ہے کہ وہ ٹھوس وجوہات پیش کرے کہ عام قانونی کارروائی ریاست کی سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے روکنے کے لیے کیوں ناکافی ہے۔
عدالت نے کہا کہ نظربندی کی سفارش کرنے والے افسر اور نظر بندی کا حکم دینے والے حکام دونوں میں سے کسی نے بھی یہ وضاحت نہیں کی کہ قانونی کارروائی کو ناکافی کیوں سمجھا گیا، حالانکہ متعلقہ نوجوان کو ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا تھا اور اس کی نگرانی بھی کی جا رہی تھی۔
مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکام کی جانب سے اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے کشمیریوں کو من گھڑت الزامات پر نظربند کرنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے۔






