بھارت

جنرل نروانے کا بیان چینی دراندازی کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش ہے: تجزیہ کار

بھارتی زیر کنٹرول دیہات اب چین کے قبضے میں ہیں :مقامی باشندے

 

نئی دہلی:دفاعی تجزیہ کاروں نے بھارت کے سابق آرمی چیف جنرل منوج ایم نروانے کے اس بیان کو چینی دراندازی کی اہمیت کم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے جس میں انہوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی)پر بھارت اور چین کے درمیان جھڑپوں کو معمول کا واقعہ قرار دیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تجزیہ کاروں کاکہنا ہے کہ جنرل نروانے سرحدی حد بندی نہ ہونے کا جواز پیش کرکے بالواسطہ طور پر چین کی پیش قدمی کو تسلیم کر رہے ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ جو دیہات پہلے بھارت کے کنٹرول میں تھے، اب وہاں چینی فوج کا قبضہ ہے۔جنرل نروانے جون 2020 میں مشرقی لداخ کی وادی گلوان میں جھڑپ کے وقت بھارتی آرمی چیف تھے۔ اس جھڑپ میں 20بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ان کا یہ بیان انڈو تبتین بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی)کے ڈائریکٹر جنرل شتروجیت کپور کے اس واضح اعتراف کے بعد سامنے آیا جس میں انہوںنے اروناچل پردیش میں ایل اے سی پر چینی فوج کا مقابلہ کرنے میں بھارتی فورسز کی ناکامی تسلیم کی تھی۔
جنرل نروانے نے اخبار” دی ٹریبیون” سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ بھارت اور تبت کے علاقے کے درمیان سرحد کی کبھی باضابطہ حد بندی نہیں ہوئی۔ نہ ہی دونوں میں سے کسی فریق نے اسے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔ اس لیے سرحد کی حد بندی کے بارے میں دونوں ممالک کے تصورات مختلف ہیں۔انہوں نے کہاجب بھی اس طرح کی گشت ہوتی ہے، تو بعض اوقات دونوں ممالک کے دستے بیک وقت ایک مقام پر پہنچ جاتے ہیں۔ اس سے وہ صورتحال پیدا ہوتی ہے جسے آمنے سامنے کا تصادم کہا جاتا ہے۔ ایسے تصادم کوئی نئی بات نہیں، یہ ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے طے شدہ ضابطے موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں اس معاملے کو ضرورت سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔جنرل نروانے کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب کانگریس نے آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل کی ویڈیو پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحت طلب کی۔ بھارتی وزارت خارجہ نے 23 اکتوبر کو کہا تھا کہ جب چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے)گشت کے طے شدہ طریقہ کار سے انحراف کرتی ہے، تو ایل اے سی پر وقتا فوقتا صورتحال خراب ہو جاتی ہے۔ تاہم آئی ٹی بی پی نے اپنے ڈائریکٹر جنرل کی ویڈیو اپنے سرکاری یوٹیوب چینل سے ہٹا دی۔
تجزیہ کاروں نے کہا کہ یہ بیانات مودی حکومت کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔ یہ صورتحال 12 ستمبر کو نئی دہلی میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کی حالیہ ملاقات کے باوجود برقرار ہے۔آئی ٹی بی پی کی جانب سے ویڈیو ہٹائے جانے کے بارے میں سوال پرجنرل نروانے نے کہاکہ میں اب ریٹائر ہو چکا ہوں۔ مجھے ریٹائر ہوئے چار سال ہو گئے ہیں۔ مجھے سرحدی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پیش رفت کا کوئی علم نہیں۔
سابق آرمی چیف نے اپنی غیر مطبوعہ یادداشتوں ”فور اسٹارز آف ڈیسٹنی” کے بارے میں سوالات سے بھی گریز کیا۔ یہ معاملہ اس وقت زیر بحث آیا تھا جب راہول گاندھی نے 2فروری کو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں ان یادداشتوں کے اقتباسات پڑھے تھے۔ راہول گاندھی نے دعوی کیا تھا کہ 2020 کے لداخ بحران کے دوران وزیراعظم مودی نے اپنی ذمہ داری سے انحراف کیاتھا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button