بھارت :اتر پردیش میں ایک اور مسجد اور مدرسے کو نوٹس جاری
لکھنو:بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ ترین واقعے میں ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو کے نواحی علاقے میں ایک اور مسجد اور مدرسے کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق موہن لال گنج کی ایک ریونیو عدالت نے مسجد اور مدرسے کا انتظام سنبھالنے والے چار افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ یہ کارروائی سرکاری تحقیقات کے بعد کی گئی۔ تحقیقات میں دعوی کیا گیا کہ عمارتوں کے کچھ حصے سرکاری ریکارڈ میں تالاب کے طور پر درج زمین پر قائم ہیں۔عدالت نے چاروں افراد کو 29اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یہ معاملہ ایک دیہاتی کی شکایت سے شروع ہوا۔ اس نے ریاستی شکایات پورٹل پر تالاب کی زمین پر تعمیرات کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس کے بعد ایک ریونیو انسپکٹر اور محکمہ اراضی کے اہلکار نے موقع کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رپورٹ دی کہ متنازعہ زمین کے تقریبا 0.03 ہیکٹر یعنی 300 مربع میٹر، حصے پر مستقل تعمیرات موجود ہیں۔ تاحال بے دخلی یا انہدام کا کوئی حتمی حکم جاری نہیں کیا گیا۔مقامی مسلمانوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ زمین کے ایک چھوٹے سے حصے کا تنازعہ دونوں اداروں کے خلاف کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔یہ نوٹس اتر پردیش میں مسلم مذہبی املاک سے متعلق وسیع تر تشویش کے دوران جاری کیے گئے ہیں۔







