بھارت

بھارت :اتر پردیش میں بزرگ مسلمان پرہندو انتہاپسندوں کا تشدد، جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا

لکھنو:بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروہ نے ایک بزرگ مسلمان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ہندوتوا کا نعرہ ”جے شری رام” لگانے پر مجبور کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندو نوجوانوں کا ایک گروہ بزرگ مسلمان کو داڑھی اور ٹوپی کی وجہ سے نشانہ بنا رہا ہے۔حملہ آوروں نے بزرگ کو گالیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس پر جے شری رام کا نعرہ لگانے کے لیے دبائو ڈالا۔ انکار پر اس پر مزید تشدد کیا گیا۔
ایک ویڈیو میں رِنکو یادو نامی شخص حملہ آوروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے، یہ لوگ اس بزرگ کو مار رہے ہیں اور انہیں جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کر رہے ہیں۔یادو نے بتایا کہ بزرگ کی مدد کرنے کی کوشش پر اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔یہ واقعہ بریلی میں ایک پولیس چوکی سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آیا۔بریلی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ متاثرہ شخص کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے جس میں بزرگ کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ صارفین نے بھارت میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سوال اٹھائے اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔ایکس پر ایک صارف نے لکھا کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں، ایسے مزید واقعات کے لیے تیار رہیں، تاکہ فرقہ وارانہ بیانیے کو فروغ دیا جا سکے۔ ایک اور صارف نے سوال کیا کہ ایسے واقعات کب تک جاری رہیں گے۔ اس نے پولیس پر زور دیا کہ حملے کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔
بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاستوں میں مذہبی اقلیتوں اور پسماندہ برادریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات ایک معمول بن چکے ہیں۔ خصوصا مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں کے خلاف حملوں، دھمکیوں اور امتیازی سلوک نے اقلیتی حقوق اور عوامی تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button