راہل گاندھی کی شہریوں اور طلبہ سے یکم نومبر کو ‘دہلی رام لیلا مارچ’ میں شرکت کی اپیل
یہ مارچ جمہوریت ، آئین کے تحفظ اور "ووٹ چوری" کے خلاف ایک تحریک ہے
نئی دہلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے شہریوں اور طلبا سے یکم نومبر کو ‘دہلی رام لیلا مارچ’ میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ مارچ جمہوریت اور آئین کے تحفظ اور مبینہ "ووٹ چوری” کے خلاف ایک تحریک ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں راہل گاندھی نے کہا کہ یہ مارچ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد بھارت کے عوام کی نمائندگی کرنا ہے۔ انہوں نے ان تمام لوگوں سے شرکت کی اپیل کی جوبھارت میں مودی کے دور حکومت میں جمہوریت کی صورتحال اور آئینی حقوق کے بارے میں فکر مند ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ” دہلی رام لیلا مارچ، جمہوریت کو بچانے، ووٹ چوری کو روکنے اور آئین کے تحفظ کا مارچ ہے۔ یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مارچ نہیں ہے؛ یہ بھارت کی روح کا مارچ ہے۔”انہوں نے کہا کہ "وہ تمام لوگ جو نریندر مودی، امت شاہ اور گیانیش کمار سے تنگ آ چکے ہیں، وہ تمام لوگ جو بھارت میں جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں، جو آئین کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، وہ سب مارچ میں شرکت کریں۔”
یکم نومبر کا مارچ اور ریلی انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف اپوزیشن کے انڈیا بلاک کی مہم کا حصہ ہیں۔ یہ مظاہرہ دارالحکومت کے رام لیلا میدان پہنچ کر ختم ہوگا، جہاںسے ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی ۔









