بھارت :منی پورمیں میتی اور ناگا تنظیموں کی مشترکہ ریلی ، اظہارِ یکجہتی کے لئے دکانیں بند ، ٹریفک معطل
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کے مختلف علاقوں میں آج دکانیں، کاروباری مراکز اور نجی ادارے بند رہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب رہی۔ یہ اقدامات امپھال میں میتی اور ناگا قبائل کی سول سوسائٹی تنظیموں کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ ایک بڑی ریلی سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کیے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے بھارتی حکومت سے اپنے مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ کیا جن میں ان کے بقول بھارتی حکومت کی سرپرستی میں جاری پراکسی جنگ کا خاتمہ، معاہدہ معطلیِ آپریشنز (ایس او او) کی منسوخی اور ریاست سے آسام رائفلز کا انخلا شامل ہیں۔
یہ ریلی کوآرڈینیٹنگ کمیٹی آن منی پور انٹیگریٹی (COCOMI)، جوائنٹ ٹرائب کونسل منی پور (JTC-M)، ناگا ہیومینیٹیرین ایڈز کمیٹی منی پور (NHACM)، فٹ ہل ناگا کوآرڈینیشن کمیٹی (FNCC)، ناگا پیپلز یونین (NPU) امپھال اور انپوئی ناگا یونین نے مشترکہ طور پر منعقد کی۔
ریلی کوائیکیتھل کے تِڈِم گراو¿نڈ سے شروع ہوئی اور امپھال ویسٹ کے تھاو¿ گراو¿نڈ کی جانب روانہ ہوا جہاں ایک عوامی اجتماع منعقد کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق اس اجتماع میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، جبکہ متعدد دیگر افراد راستوں سے جلوس میں شامل ہوئے۔ لوگوں نے جلوس کے راستے میں مظاہرین میں پانی، مٹھائیاں اور توانائی بخش مشروبات تقسیم کیے۔
یونائیٹڈ ناگا کونسل (UNC) اور آل ناگا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن منی پور (ANSAM) نے بھی صبح 11 بجے سے ناگا اضلاع کے صدر مقامات پر بیک وقت پ±رامن دھرنے منعقد کرکے ریلی کی حمایت کی۔اس مشترکہ احتجاج کو ریاست کی سول سوسائٹی تحریک میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ میتی اور ناگا تنظیمیں منی پور کے مستقبل سے متعلق خدشات اجاگر کرنے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہوئیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فٹ ہل ناگا کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر اَخیو نے اجتماع کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں میتی اور ناگا تنظیمیں اتنے بڑے پیمانے پر شاذ و نادر ہی مشترکہ طور پر متحرک ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناگا تنظیمیں روایتی طور پر ناگا آبادی والے پہاڑی اضلاع میں احتجاج کرتی رہی ہیں، لیکن حالیہ مشترکہ تحریک نے دونوں برادریوں کو ان مسائل پر یکجا کر دیا ہے جنہیں وہ منی پور کی مقامی آبادی کے مفادات اور مستقبل کے لیے خطرہ سمجھتی ہیں۔
اَخیو نے کہا کہ اسی عنوان کے تحت ناگا پہاڑی اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ تحریک کا مقصد بھارتی حکومت کو یہ پیغام دینا ہے کہ ریاست کی مقامی برادریوں کے مطالبات کو اب مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
مشترکہ احتجاج منی پور میں جاری کشیدگی کے دوران کیاگیا جہاں سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود مسلح گروہوں کے حملے اور ریاست کے سیاسی مستقبل سے متعلق خدشات پائے جاتے ہیں۔
منی پور میں وسیع تر نسلی تنازعہ مئی 2023ءمیں شروع ہوا تھا جس میں بنیادی طور پر مسیحی اکثریتی کوکی زو اور ہندو اکثریتی میتی برادریاں ایکدوسرے پر حملے کررہی تھیں۔ بعد ازاں کوکی اور ناگا برادریوں کے درمیان بھی جھڑپیں ہوئیں۔
طویل عرصے سے جاری اس تشدد کے نتیجے میں اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر مسیحی ہیں، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بحران سے نمٹنے میں ناکامی اور تشدد کے بار بار پیش آنے والے واقعات کو روکنے میں ناکام رہنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔








