بھارت : مجھے مسلمان ہونے، یونیورسٹی بنانے کی سزادی جارہی ہے :اعظم خان
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتارکرلیا
رام پور :بھارت میں سماج وادی پارٹی کے رہنما اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خان کو ہفتے کے روز رام پور جیل سے ضمانت پر رہائی کے فوراً بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دوبارہ گرفتارکرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ای ڈی کے لکھنو زون کے اہلکاروں نے جوہر یونیورسٹی سے منسلک منی لانڈرنگ کے ایک مقدمے میں اعظم خان کو جیل کے باہر دوبارہ گرفتارکرلیا۔
لکھنو زون کے ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہہم نے اعظم خان کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتاری کے قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ہم انہیں غازی آباد کی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کریں گے۔
جیل کے باہر بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ اعظم خان کے حامی ان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔اپنی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ اب کہنے کو کیا رہ گیا ہے؟ یہ مسلمان ہونے کی سزا ہے۔ غلطی یہ تھی کہ ایک مسلمان نے یونیورسٹی بنائی، یہی جرم ہے ، بچوں کے لیے اسکول بنائے، یہی جرم ہے۔
ای ڈی اعظم خان اور مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ایجنسی نے بدھ کے روز رام پور کے جوہر نگر میں واقع محمد علی جوہر یونیورسٹی کی زمین اور عمارتیں بھی ضبط کر لی تھیں جن کی موجودہ مالیت 1,170 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ 426.46 کروڑ بھارتی روپے مالیت کے اثاثے مبینہ طور پر جرائم سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مشتمل ہیں۔ ایجنسی نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر کے لیے سرکاری فنڈز، تعمیراتی سامان اور ٹھیکیداروں کے عطیات کا غلط استعمال کیا گیا۔
اعظم خان کو جمعرات کے روز اس وقت ضمانت ملی تھی جب الہ آباد ہائی کورٹ نے دو پین کارڈ رکھنے کے مقدمے میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کی سزاو¿ں کو معطل کر دیا تھا۔ انہیں ہفتے کے روز جیل سے رہا ہونا تھا، تاہم رہائی کے چند ہی منٹ بعد انہیں دوبارہ گرفتارکر لیا گیا۔








