بھارت :ہندوتوا گروپوں کے احتجاج کے بعد ممبئی کے شاپنگ مال میں مسلمانوں کا نماز کا کمرہ مسمار
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ایک شاپنگ مال میں مسلمانوں کے لیے قائم نماز کا کمرہ ہندوتوا گروپوں کے احتجاج کے بعد مسمار کر دیا گیا۔ ہندوتوا گروپوں نے سوشل میڈیا پر نماز کی سہولت سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس سہولت پر اعتراض کیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ تنازعہ مالاڈ کے علاقے میں واقع اِن آربٹ مال سے متعلق ہے جہاں حجاب پہنے دو کم عمر مسلمان لڑکیاں ایک ویڈیو میں مسلمان صارفین کے لیے دستیاب نماز کی سہولت کے بارے میں بتاتی نظر آئیں۔ انہوں نے اپنے ہم مذہب افراد پر زور دیا کہ وہ مال میں خریداری یا آمدورفت کے دوران اپنی روزانہ کی نمازیں ترک نہ کریں۔ انہوں نے مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ حصوں اور وضو گاہ کے بارے میں بھی بتایا۔
اس ویڈیو کے بعد ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا جنہوں نے ایک تجارتی مرکز کے اندر مسلمانوں کے لیے مخصوص نماز کی جگہ کی موجودگی پر اعتراض کیا۔ہندوتوا تنظیم سکل ہندو سماج نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمدورفت والے شاپنگ مال میں مسلمانوں کو نماز کی سہولت کیوں فراہم کی جا رہی ہے۔
تنظیم نے لکھاکہ کیا ممبئی پاکستان بننے کی راہ پر گامزن ہے؟ یہ ہر ممبئی کے شہری کے لیے شدید تشویش کا معاملہ ہے۔تنظیم نے نماز کی اس سہولت کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔سوشل میڈیا پر مہم کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے نماز کے کمرے کے خلاف احتجاج کیا۔
بعد ازاں سکل ہندو سماج نے ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نماز کا کمرہ مسمار کر دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں مسماری سے پہلے اور بعد کی صورتِ حال دکھائی گئی جس میں بعد کی تصاویر میں ٹوٹی ہوئی ٹائلیں اور اکھاڑے گئے حصے نظر آ رہے ہیں۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے خلاف بیان بازی میں بھی شدت آ گئی، جہاں ہندوتوا سے وابستہ اکاونٹس نے نماز کی جگہ فراہم کرنے کو عوامی مقامات پر اسلامی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش قرار دیا۔ بعض تبصرہ نگاروں نے اس سے بھی آگے بڑھ کر دعویٰ کیا کہ یہ سہولت ممبئی کو مسلم اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔







