بھارت :راجستھان میں دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان، ٹرین سروس معطل
جے پور: بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست راجستھان میں انوپ گڑھ۔سورت گڑھ ریلوے سیکشن پر 50جی بی پوائنٹ کے قریب ایک زوردار دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا جس سے ٹرین سروس معطل ہوئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھماکہ گزشتہ رات ضلع سری گنگا نگر میں بھارت۔پاکستان سرحد کے قریب ہوا۔ اس سے ریلوے کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا۔ حکام نے انوپ گڑھ اور سورت گڑھ کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی۔دھماکے سے ریلوے ٹریک کو سہارا دینے والے کنکریٹ کے دو ستون اور کئی سلیپرز ٹوٹ گئے۔ پٹڑی کے نیچے تقریبا دو فٹ گہرا گڑھا بھی پایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ بھارتی معیاری وقت کے مطابق رات تقریبا 9 بج کر 45 منٹ پر ہوا۔ اس سے تقریبا 45 منٹ پہلے رات 9 بجے انوپ گڑھ سے سورت گڑھ جانے والی مسافر ٹرین متاثرہ مقام سے گزر چکی تھی۔
متعدد سیکیورٹی اور تحقیقاتی ادارے موقع پر پہنچ گئے
واقعے کے بعد متعدد بھارتی سیکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں نے فوری کارروائی کی۔ انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ(اے ٹی ایس)، سی آئی ڈی، ڈاگ اسکواڈ، ریلوے پروٹیکشن فورس(آر پی ایف)اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے۔ ریلوے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے نقصان کا جائزہ لیا اور شواہد جمع کیے۔ریلوے حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک ٹیم نے متاثرہ حصے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دو سلیپرز اور معاون ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کی۔احتیاطی تدبیر کے طور پر انوپ گڑھ اور سورت گڑھ کے درمیان ٹرین سروس صبح 9 بجے تک معطل رہی۔ حکام نے متاثرہ پٹڑی کی حالت کا جائزہ لیا اور ابتدائی تحقیقات شروع کی۔
پولیس نے حال ہی میں برآمد کیے گئے آر ڈی ایکس سے تعلق مسترد کر دیا
ضلع سری گنگا نگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری شنکر نے بتایا کہ 50جی بی گائوں کے قریب مشتبہ دھماکے سے ریلوے ٹریک کو سہارا دینے والے سیمنٹ کے دو ستون متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کے معائنے اور شواہد جمع کرنے کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری(ایف ایس ایل)کی ٹیم طلب کر لی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ واقعے کی اصل نوعیت کا تعین کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔ایس پی نے کہاکہ سرحدی علاقے سے حال ہی میں برآمد کیے گئے 7.5 کلوگرام آر ڈی ایکس سے اس واقعے کا کوئی ثابت شدہ تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک ماہرین اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ پر بھیجا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تفصیلی فرانزک معائنے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ انہوں نے تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کسی نتیجے پر پہنچنے سے گریز کرنے پر زور دیا۔
دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری
ایس پی نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ ریلوے سیکشن کا معائنہ کیا۔ ریلوے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تحقیقاتی ٹیمیں دھماکے کی وجہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔ وہ یہ بھی جانچ رہی ہیں کہ آیا ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔ فرانزک معائنے اور شواہد جمع کرنے سے دھماکے کی نوعیت اور حالات کا تعین کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔








