”یوم شہدائے جموں“کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام دعائیہ تقریب کا انعقاد
شہداءکی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن باب ہیں، مقررین کا خراجِ عقیدت
لاہور : ”یومِ شہدائے جموں“ کے موقع پر کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دعائیہ تقریب سے سینئرنائب صدر مسلم لیگ ن لائرزونگ سید منظورگیلانی ایڈووکیٹ، سابق ڈائریکٹر کشمیرسنٹرمرزا صادق جرال، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ انجینئرمشتاق محمود،، رہنما استحکام پاکستان پارٹی بلال مختار بٹ، سابق ایس ایس پی محمدعطاءکسانہ، رہنما مسلم لیگ راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ،سابق سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی احسان اللہ تبسم، سابق صدر وکلاءمحاذ مرزا عبدالرشید جرال، مقبول اعوان، سردار شاکر، نازیہ بٹ، معروف مذہبی سکالر علامہ فداء الرحمان حیدری، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، حریت رہنما سیدسجادشاہ، چیئرمین شمشادبشیربلائنڈ ویلفیئرفاو¿نڈیشن شمشادحسین، عالمی سیاح مقصود چغتائی، مرزافاروق جرال، سینئرصحافی ریاض چشتی، چوہدری محمد صدیق، انیس وہرہ، نذربھنڈر، متین کاشمیری، حاجی اعجاز احمداورقاضی انوارکے علاوہ انچارج سنٹرانعام الحسن نے خطاب کیا۔ مقررین نے6 نومبر 1947ء کے المناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں نے اپنے وطن، نظریے اور پاکستان سے وابستگی کی خاطر عظیم قربانیاں دیں۔ ان کی جدوجہد اور لازوال قربانیاں تاریخِ کشمیر کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
مقررین نے کہا کہ دوہفتوں کے دوران کم وبیش اڑھائی لاکھ معصوم اور بے گناہ جانیں ظلم کی بھینٹ چڑھ گئیں جن میں مردوخواتین، جوان و بوڑھے یہاں تک کہ شیرخوار بچے بھی شامل تھے۔ یہ سب وہ لوگ تھے جو جموں سے پاکستان کی جانب ہجرت کررہے تھے۔ انھوں نے یہ قربانیاں دراصل پاکستان کی محبت میں پیش کیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں آج بھی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کا سرچشمہ ہیں اور ان کی یاد تازہ رکھنا ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ شہدائے جموں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مو¿ثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے ہرموقع پر کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس پر ہم انھیں خراج ِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرعلامہ فداءالرحمان حیدری نے شہدائے جموں سمیت تحریکِ آزادی کشمیر کے تمام شہداءکے درجات کی بلندی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔








