اسلام آباد: ”یوم شہدائے جموں“ کے حوالے سے سیمینار
جموں کے مسلمانوں کا قتلِ عام برصغیر کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، مقررین
اسلام آباد: اسلام میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ ”شہدائے جموں “کی عظیم قربانیاں تاریخ کے سینے پر ایسے دائمی نقوش چھوڑ گئی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے کہا کہ ان قربانیوں کی یاد آج بھی کشمیری قوم کو مزاحمت، استقامت اور اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ”یوم شہدائے جموں “ پر سیمینار کا انعقاد کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ، جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر) نے کشمیر ہاﺅس میں مشترکہ طور پر کیا تھا۔ صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ سپیکر آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق مہمانِ خصوصی تھے۔
سیمینار سے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی، سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر، ڈاکٹر عامر جہانگیر، شمیم شال، الطاف حسین وانی، غلام نبی بٹ اور راجہ افسر خان سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
اسپیکر آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1947ءمیں جموں کے مسلمانوں کا قتلِ عام برصغیر کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے۔ اس دوران ڈوگرہ فوج اور ہندو انتہا پسند مسلح جتھوں کے ہاتھوں مسلمانوں کو منظم تشدد اور قتلِ عام کا نشانہ بنایا گیا، خواتین کو اغوا اور بے حرمتی کا نشانہ بنایا گیا۔ مقررین نے اس سانحے کو جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کی منظم کوشش قرار دیا۔
کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ 1947ءمیں تقسیمِ ہند کے وقت جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کے لیے ایک منظم منصوبے کے تحت حالات پیدا کیے گئے۔ مہاراجہ ہری سنگھ کی حکومت، بھارتی قیادت اور دیگر متعلقہ قوتوں کی ملی بھگت سے جموں کے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان کی بستیوں کو اجاڑا گیا اور ہزاروں افراد کو شہید جبکہ لاکھوں کو جبری ہجرت پر مجبور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں مسلمانوں کا قتلِ عام محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ریاست کی آبادیاتی اور سیاسی شناخت تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اسی پالیسی کا تسلسل آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات، املاک کی ضبطی، گھروں کی مسماری اور غیر مقامی افراد کی آبادکاری کے ذریعے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوںنے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق، اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ شہداءکی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد رکھنا ہماری قومی اور تاریخی ذمہ داری ہے۔
مقررین نے اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، بھارت کو علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے مو¿ثر کردار ادا کریں۔
سیمینار کے اختتام پرتمام شہدائے جموں وکشمیر اور شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندکے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام اپنے شہداکی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔








