حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے پر جوہری جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ،سردار مسعود خان

اسلام آباد:آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف سیاسی نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے نیشنل پریس کلب میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے خطے پر جوہری جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی تسلط کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان نے معرکہ حق کے دوران بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے عوام کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں ۔ سردار مسعود خان نے کہاکہ27اکتوبر کو ڈوگرہ راجائوں اوربھارت نے کشمیر پر جارحیت کی تھی،جموں میں 2لاکھ 50ہزارسے زائد مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا اوریہ سلسلہ آج بھی مقبوضہ علاقے میں جاری ہے ۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمدنے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ہے،ا ن کی وجہ سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بات ہو رہی ہے۔سید نذیر گیلانی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ نہایت سادہ ہے، 27اکتوبر 1947 انسانی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سازش اور طاقت کے بل پر جموں و کشمیر میں داخل ہو کر ایک آزاد ریاست پر قبضہ کر لیاتھا۔سیمینار میں سابق وزیر برائے آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری ریاض محمود، شبیر احمد شاہ، راجہ روف مشعل مسعود اور راجہ سکندر خان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔







_updates.jpg)
