مضامین

6 نومبر 1947 : جموں کی سرزمین پر لہو کی داستان 

امتیاز وانی 

 6 نومبر 1947ء برصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا دردناک باب ہے، جب جموں کے مسلمانوں کو قتلِ عام، جبری ہجرت اور اجتماعی تباہی کے المیے سے گزرنا پڑا۔ یہ سانحہ محض انسانی جانوں کا ضیاع نہیں تھا، بلکہ ایک پوری آبادی کے سماجی، ثقافتی اور آبادیاتی وجود کو متاثر کرنے والا المیہ تھا۔
اس سانحے میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف تاریخی اندازے موجود ہیں۔ بعض روایات میں ہلاکتوں کی تعداد ڈھائی سے تین لاکھ تک بیان کی جاتی ہے، جبکہ 10 اگست 1948ئ کے اخبار دی ٹائمز آف لندن سے منسوب ایک رپورٹ میں تقریباً 2لاکھ37ہزار مسلمانوں کے قتل کا ذکر بھی ملتا ہے۔مختلف تاریخی تحریروں، عینی شاہدین کے بیانات اور اس دور کے سیاسی ریکارڈ میں ڈوگرہ ریاستی اہلکاروں اور ہندو قوم پرست عناصر کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
اس قتلِ عام کا ایک بڑا نتیجہ جموں کے آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی صورت میں سامنے آیا۔ جن علاقوں میں مسلمان بڑی تعداد میں آباد تھے، وہاں قتل و غارت اور ہجرت کے باعث ان کی آبادی شدید متاثر ہوئی۔سانحہ جموں کا ایک نہایت المناک پہلو خواتین کے اغوا، جبری گمشدگی اور جنسی تشدد کے واقعات تھے۔ متعدد تاریخی مطالعات کے مطابق ہزاروں خواتین کو اغوا کیا گیا۔
جموں قتل عام سے شروع ہونے والی قربانیوں کی یہ داستان آج بھی ختم نہیں ہوئی۔ 1989سے اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا آج بھی گرفتاریاں، ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات، جبری گمشدگیاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔
 5 اگست 2019ءکو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کرنے کے بعد خطے کی سیاسی اور قانونی حیثیت میں بنیادی تبدیلیاں آئیں۔ اراضی، ڈومیسائل، شناخت اور آبادیاتی مستقبل کے حوالے سے کشمیری عوام کے خدشات مزید بڑھ گئے۔
ہر سال 6 نومبر کو یومِ شہدائے جموں منایا جاتا ہے۔ یہ دن ان بے گناہ مسلمانوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان خاندانوں کے دکھوں کو محسوس کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنے پیاروں، گھروں اور آبائی سرزمین سے محرومی برداشت کی۔ ان شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ان کی تاریخ کو مستند شواہد کے ساتھ محفوظ کیا جائے اور اس سانحے پر علمی و تحقیقی کام کو فروغ دیا جائے۔
Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button