بھارت:مجوزہ سیانگ میگا ڈیم کے خلاف احتجاجی مارچ آسام میں داخل، مقامی تنظیموں کی حمایت
مظاہرین کا منصوبے کی منسوخی، گرفتار مظاہرین کی رہائی اور متاثرہ علاقوں سے بھارتی فورسز کے انخلا کا مطالبہ
نئی دہلی : اروناچل پردیش میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے مجوزہ 11,200 میگاواٹ کے سیانگ اپر ملٹی پرپز پراجیکٹ (ایس یو ایم پی) کی مخالفت میں شدت آ رہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈیم کے خلاف احتجاجی مارچ آسام کے ضلع دھیمہ جی میں داخل ہو گیا ہے جہاں جونائی میں متعدد مقامی تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ 4 نومبر کو اروناچل پردیش کے ضلع اپر سیانگ کے علاقے گیکو سے آدی گالو ویلفیئر سوسائٹی کی قیادت میں شروع ہوا تھا۔ مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے رکسن کے راستے جمعہ کو ضلع دھیمہ جی کے علاقے جونائی پہنچا۔آدی گالو ویلفیئر سوسائٹی کے ترجمان کھارگے باسر بھی مارچ میں میں شامل تھے۔ مظاہرین کا آسام جاتیہ وادی یوا چھاترا پریشد، آسام جاتیہ پریشد (اے جے پی) اور کرشک مکتی سنگرام سمیتی سمیت دیگر تنظیموں کے ارکان نے پرتپاک استقبال کیا۔
آسام جاتیہ پریشد کے جنرل سیکرٹری چترنجن باسو متری نے مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مجوزہ منصوبے پر مودی حکومت اور اروناچل پردیش کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔باسو متری نے کہاکہ اروناچل پردیش کے لوگ بھکاری نہیں ہیں۔ ہم ترقی کے نام پر وادی سیانگ کو تباہ کرنے کی کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیم کے ماحولیات، ذرائع معاش، ثقافت اور روایتی طرزِ زندگی پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ منصوبے کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ چین کی جانب سے میڈوگ میں مجوزہ 60 ہزار میگاواٹ کے پن بجلی منصوبے کے جواب میں وادی سیانگ کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟باسو متری نے مو¿قف اختیار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے تحفظات اور رضامندی کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اروناچل پردیش میں ترقی کے لیے بڑے ڈیموں کو واحد راستہ سمجھنے کے بجائے زراعت، بنیادی ڈھانچے اور دیگر شعبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
انہوں نے 2014ءکی انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی اور اس وقت کے بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ کے ان وعدوں کا بھی حوالہ دیا جن میں اروناچل پردیش میں بڑے ڈیموں کی تعمیر کی مخالفت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کے خلاف جمہوری احتجاج جاری رہے گا۔
آسام جاتیہ وادی یوا چھاترا پریشد کے مرکزی فنانس سیکرٹری گیان شرما نے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کی تنظیم آدی برادری کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی اور ڈیم کے خلاف تحریک کی حمایت کرے گی۔
مظاہرین کے مطالبات میںمنصوبے کی منسوخی، گرفتار افراد کی رہائی، 48 نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز کی واپسی، متاثرہ دیہات سے بھارتی فورسز کا انخلا اور حکومت کے ساتھ پرامن مذاکرات کا آغاز شامل ہیں۔
گیکو سے شروع کیے گئے اس مارچ کا مقصد یہ مطالبات براہِ راست حکام تک پہنچانا اور مجوزہ منصوبے کے خلاف وسیع تر حمایت حاصل کرنا ہے۔







