ہندواڑہ : خستہ حال سڑک کے باعث لوگ مریضوں کو چارپائیوں پر اٹھا کر لے جانے پر مجبور
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ہندواڑہ کے علاقے راجواڑکے گاوں ناگنی شرٹی گام اور گیلانی محلہ کے رہائشی خستہ حال سڑکوںکے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں اپنے مریضوں کوچارپائیوں پر اٹھا کر ہسپتال لے جاناپڑتا ہے، جبکہ ضروری اشیائے خورونوش اور دیگر سامان اپنی پیٹھ پر لاد کر لانا پڑتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شرٹی گام سے نکلنے والی سڑک پر آج تک میکڈم نہیں بچھایا گیا۔ اس کی خستہ حالی کے باعث بالخصوص سردیوں اور بارشوں کے موسم میں صورتحال انتہائی خراب ہو جاتی ہے اور گاڑیوں کا دیہات تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ایک مقامی رہائشی مام دین نے صحافیوں کو بتایاکہ سردیوں میں ہم مریضوں کو عارضی چارپائیوں پر اٹھا کر شرٹی گام لے جانے پر مجبور ہوتے ہیں جہاں سے مسافر گاڑیوں میں بیٹھ کر علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) زچلڈارہ یا گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی) نے گزشتہ سال مرمت کا کام کیا تھا، لیکن صرف 750 میٹر سڑک پر کام کیا گیا اور باقی حصہ نظر انداز کر دیا گیا۔
ایک اور رہائشی غلام دین نے بتایاکہ ہمیں شرٹی گام سے تقریباً دو کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے جہاں ہم راشن اور دیگر ضروری اشیاء اپنی پیٹھ پر اٹھا کر لے جاتے ہیں۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث ٹیکسی ڈرائیور گاوں میں آنے سے انکار کر تے ہیں۔گیلانی محلہ کے سید عبد الکبیر گیلانی نے کہا کہ علاقے کے رہائشی گزشتہ ایک دہائی سے سڑک کی بہتری کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن بار بار یقین دہانیوں کے باوجود عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ 10 برس سے ہر دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ ہر سال ہمیں بتایا جاتا ہے کہ سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام منصوبے میں شامل ہے، لیکن سال کے اختتام تک یہ یقین دہانیاں محض کھوکھلے وعدے ثابت ہوتی ہیں۔رہائشیوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ مزید تاخیر کیے بغیر سڑک کے پورے حصے پر میکڈم بچھایا جائے۔ انہوں نے ہندواڑہ کے رکن اسمبلی سجاد غنی لون سے بھی اس دیرینہ مطالبے کے حل کے لیے مداخلت کی اپیل کی ہے۔






