مقبوضہ جموں و کشمیر میں دیوالی کے لئے حفاظتی اقدامات کی آڑ میں پابندیاں سخت، چیکنگ کا سلسلہ تیز
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے دیوالی کے لئے حفاظتی اقدامات کی آڑ میں پورے علاقے باالخصوص سرینگر شہراور سرینگر جموں ہائی وے پر پابندیاں اورنگرانی مزید سخت جبکہ تلاشی کی کارروائیاںتیز کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے مختلف مقامات پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں اور گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ سرینگرشہر اور وادی کشمیرکے دیگر علاقوں میں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
جنوبی کشمیر میں تزویراتی اہمیت کی حامل شاہراہ پر ویسو، السٹاپ، میر بازار اور کھڈونی سمیت اہم مقامات پر سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔پولیس کی ٹیمیں شاہراہ پر حساس مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں اورمسافروں کی اچانک تلاشی لے رہی ہیں اور مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں جبکہ بھارتی فورسز کے اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں اور چوبیس گھنٹے گشت کر رہے ہیں۔
نگرانی کے یہ سخت اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر میں وسیع تر فوجی تیاریوں کا حصہ ہے۔پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور دیگر فورسز کو حساس مقامات، بازاروں اور شاہراہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
ضلع کولگام میں امن وامان کو برقراررکھنے کے لئے پولیس نے بھارتی فوج اورپیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ساتھ ملکرحکمت عملی طے کی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے انتظامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ہماری اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ دیوالی پرامن ماحول میں منائی جائے۔ ہم نے شاہراہ کے تمام حساس مقامات پر اپنی موجودگی مزیدبڑھادی ہے۔ چیکنگ، تلاشی اور نگرانی کا عمل تیز کیا گیا ہے تاکہ مسافر اور مقامی رہائشی بلا خوف و خطر نقل و حرکت کر سکیں۔
سرینگر اور جنوبی کشمیر میں شاہراہ کے اہم حصوں پر بھارتی فورسزکی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جس کے باعث مسافروں اورعام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں متعدد چیک پوسٹوں پر طویل چیکنگ اور تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑ رہا ہے۔









