بھارت

بھارت :مغربی بنگال میں بی جے پی مخالف پوسٹس پر تین سوشل میڈیاصارفین گرفتار

کولکتہ: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست مغربی بنگال میں سوشل میڈیا پر حکومت اور کولکتہ میں درگا پوجا کے دوران بھگدڑ کے واقعے سے نمٹنے کے حکومتی طریقہ کار پر تنقید کرنے والی پوسٹس پر تین سوشل میڈیا تخلیق کاروں کو گرفتارکیاگیا اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ بھگدڑ میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گرفتار افراد میں آکاش سرکار، سوراجیت شی اور سرموی چکرورتی شامل ہیں۔ضلع مغربی مدناپور کے علاقے ڈنٹن کے رہائشی سوراجیت شی فیس بک پیج ”کورے بنگلہ-جناکنتھا“ چلاتے ہیں جس کے 252,000 سے زائد فالوورز ہیں۔
ان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اوران پر بھارت کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات، قومی یکجہتی کے منافی بیانات اور بدامنی کا باعث بننے والے بیانات دینے کا لزام لگایاگیا ہے۔انہیں ابتدائی طور پر مدناپور سینٹرل جیل میں رکھا گیا جس کے بعد 6 نومبر تک پولیس ریمانڈ پر دے دیا گیا۔
30 سالہ آکاش سرکار کو 25 اکتوبر کو ناگربازار میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا اور تین روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ انہیں 29 اکتوبر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے ان کے خلاف بی این ایس کی دفعات 356(1)، 353(1)(2) اور 299(1) نافذ کیں جن کا تعلق ہتک عزت، بدامنی کا باعث بننے والے بیانات اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کی نیت سے کیے گئے دانستہ اقدامات سے ہے۔
آکاش سرکار نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کا بھتیجا چورباگان درگا پوجا کمیٹی کا سرپرستِ اعلیٰ تھا جہاں بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کرے۔
سرموی چکرورتی کو 26 اکتوبر کو حراست میں لے کر بیدھان نگر ایسٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں اسی روز انہیں 2,000 بھارتی روپے کے ذاتی مچلکے پر رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے بھی چورباگان میں بھگدڑ کے واقعے اور اس کے بعد درگا دیوی کی مورتی کو جلوس کے ذریعے لے جانے اور پانی میں وسرجن کرنے کے حکومتی انتظامات پر تنقید کی تھی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button