جموں میں ایک شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا، ڈوڈہ میں دریائے چناب سے لاش برآمد
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جموں خطے میں ایک 50 سالہ معذور شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیاجبکہ ضلع ڈوڈہ میں دریائے چناب سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پہلا واقعہ اتوار کی صبح جموں کے علاقے کنہ چک کے گاوں جسوان میں پیش آیا۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ شخص علاقے میں مردہ پایا گیا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے لاش کو قانونی و طبی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بعد ازاں مذکورہ شخص کی شناخت جسوان گاوں کے رہائشی بھگ سنگھ کے بیٹے50سالہ جے سنگھ کے طور پر ہوئی۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
دوسرے واقعے میں ہفتے کی صبح ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھگیانہ دلوال کے قریب دریائے چناب میں ایک لاش تیرتی ہوئی دیکھی گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔تاحال لاش کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔






