بھارت :ٹی وی پر بابری مسجد کو منہدم ہوتا دیکھ کر میں روپڑی :سونیا گاندھی
بابرپہلے بھی کانگریس کے دل میں بستا تھا اور آج بھی بستا ہے: بی جے پی
نئی دہلی:کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ 1992 میں ٹیلی ویژن پر بابری مسجد کو منہدم ہوتے ہوئے دیکھ کر وہ رو پڑی تھیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سونیا گاندھی نے برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کوایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے ٹیلی ویڑن پر بابری مسجد کے انہدام کا منظر دیکھا تو ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ انہیں اسی وقت احساس ہوگیا تھا کہ جس سیکولر ملک کی تعمیر کی کوشش مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو اور ان کے ساتھیوں نے کی تھی، اس کے لیے انہیں ایک طویل لڑائی لڑنی ہوگی۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی اپنی پارٹی کی ناکامیوں نے بھی کسی حد تک بی جے پی اور اس کی سخت گیر ہندوتوا سیاست کے عروج میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے ہم کئی معاملات میں ضرورت سے زیادہ لاپروا ہو گئے تھے۔ ہمارا رویہ کسی حد تک ایسا تھا جیسے ہمیں کسی چیز کی پروا ہ ہی نہیں۔
سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے فیصلے پر سونیا گاندھی نے کہا کہ اس معاملے پر خاندان کے افراد کی رائے منقسم تھی۔ راجیو گاندھی اس قدم کے خلاف تھے اور انہوں نے اپنی والدہ سے اگلے انتخابات تک انتظار کرنے کی اپیل کی تھی، لیکن ان کے چھوٹے بیٹے سنجے گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کرنے پر زور دیا تھا۔ سونیا گاندھی نے تسلیم کیا کہ اندرا گاندھی کا ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ ایک غلطی تھی اور ان کا خیال ہے کہ ان کی ساس کو بھی بعد میں اس کا احساس ہوا تھا۔
اندرا گاندھی کے قتل کے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے بتایا کہ 31 اکتوبر کو وہ گھر پر موجود تھیں جب انہوںنے پٹاخوں جیسی آواز سنی۔ وہ دوڑتی ہوئی اندرا گاندھی کے دفتر پہنچیں تو انہوں نے اپنی ساس کو خون میں لت پت اور گولیوں سے چھلنی حالت میں زمین پر پڑا دیکھا۔
اندرا گاندھی کے سکھ محافظوں نے آپریشن بلیو اسٹار کے دوران گولڈن ٹیمپل پر فوجی کارروائی کا بدلہ لینے کے لیے ان پر گولیاں چلائی تھیں۔ سونیا گاندھی نے بتایا کہ ہر طرف خون ہی خون تھا اور مجھے احساس ہوا کہ وہ میرے سوالوں کا کوئی جواب نہیں دے رہی ہیں۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ پہلے ہی اس دنیا سے جا چکی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گھر سے اسپتال تک کا سفر آج بھی یاد ہے۔ وہ انتہائی تکلیف دہ تھا۔ سڑک پر ٹریفک زیادہ نہیں تھا، لیکن گاڑی کی رفتار بہت سست محسوس ہو رہی تھی۔ مجھے یہ بھی احساس تھا کہ چونکہ وہ کچھ بول نہیں رہی تھیں، اس لیے سب کچھ ختم ہو چکا ہوگا۔
دریں اثناءبی جے پی کے ترجمان سدھانشو تریویدی نے بابری مسجد کی شہادت کا واقعہ دیکھ کر رونے سے متعلق سونیا گاندھی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ا±س وقت بھی بابر کانگریس کے دل میں بستا تھا اور آج بھی اس کے دل میں موجود ہے۔ کانگریس اب مہاتما گاندھی کے ’رام راجیہ‘ کے تصور سے دور ہو کر اپنے دائرہ کار کو ’بابر راج‘ تک محدود کر چکی ہے۔بی جے پی نے ایمرجنسی کے معاملے پر بھی سونیا گاندھی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ”جمہوریت کا قتل“ قرار دیا۔
سونیا گاندھی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ برائے راجیہ سبھا ترون چ±گ نے کہا کہ سونیا کو بھارت کو واضح طور پر دیکھنے کے لیے اپنے اطالوی چشمے اتارنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی ملک میں مذہب اور ترقی کی نئی لہر کو قبول کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ ضرور کتاب لکھیے، لیکن اس کے ساتھ کانگریس کے ریکارڈ کو بھی مدنظر رکھیے۔ آپ کو لکھنا چاہیے کہ آپ کے خاندان میں سے کون بوفورس توپوں کے سودے میں کمیشن لینے میں ملوث تھا۔ آپ کو یہ بھی لکھنا چاہیے کہ بھوپال گیس سانحے کے ذمہ داروں کو فرار ہونے کی اجازت کیوں دی گئی اور یہ کس کے حکم پر ہوا تھا۔









