کشمیری حریت قیادت ،نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری ایک اہم انسانی مسئلہ ہے، زاہد اشرف
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما زاہد اشرف نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوںسمیت انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسکا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زاہداشرف نے اسلام آبادمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری حریت قیادت سمیت نوجوانوں کی گرفتاریاں اور قید و بند ایک اہم انسانی مسئلہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوان کی ایک بڑی تعداد” پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے” جیسے کالے قوانین کے تحت برسہابرس سے جیلوں اورعقوبت خانوں میں قیدہے ۔ انہوںنے کہاکہ نظر بندوں کو نہایت غیر انسانی حالات میں رکھا گیا ہے اوروہ طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوںنے کہا کہ اکثرنظربندوں کو اپنے گھروں سے سینکڑوں ، ہزاروں میل دور بھارتی جیلوںمیں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انکے اہلخانہ ان کے ساتھ ملاقات کے لیے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
زاہد اشرف نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی دیگرعالمی تنظیموں سے اپیل کی وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیکر انکی رہائی کیلئے بھارت پردبائو ڈالیں۔







