سونم وانگچک کی لداخ انتظامیہ کی عوام دشمن اورسرمایہ داردوست پالیسیوں کی مذمت
انتظامیہ کی پالیسیاں مقامی لوگوں کے بجائے کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں
لہہ: ماحولیاتی کارکن اور ماہر تعلیم سونم وانگچک نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت انتظامیہ کی عوام دشمن اورسرمایہ داردوست پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ انہیں اور دیگر ناقدین کو منظم طریقے سے بدنام کررہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سونم وانگچک نے ایک بیان میں کہاکہ لوگوں کو صرف سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے یا پوسٹس کو پسند کرنے پر گرفتار کیا جارہا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں ۔کئی انتظامی پالیسیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین، صنعت، بجلی اور سیاحت سے متعلق پالیسیاں مقامی لوگوں کے مفادات کے بجائے کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے صدر دروپدی مرمو سے فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی۔ یہ اپیل وانگچوک سے منسلک اداروں کے خلاف اٹھائے گئے انتظامی اقدامات کے ایک سلسلے کے درمیان سامنے آئی ہے جس میں اگست 2025 میں ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف الٹرنیٹیوز (ایچ آئی اے ایل) لداخ کی زمین کی لیز کی منسوخی بھی شامل ہے۔لداخ انتظامیہ نے لیز کے دستاویزات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور مطلوبہ پریمیم ادا کرنے میں ناکامی کا حوالہ دیا۔ انتظامیہ نے الزام لگایا کہ زمین کو اس کے مطلوبہ مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے ایچ آئی اے ایل کو اپنے ڈیزرٹ فلاور سکول کے آپریشن سے متعلق مزید سرگرمیاں روکنے کی بھی ہدایت کی۔
وانگچک اور ان کی اہلیہ گیتانجلی جے انگمو نے جو ایچ آئی اے ایل کے شریک بانی اور سی ای اوہیں، زمین کے سودے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کے لیے افسر شاہی کی رکاوٹوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ان کاکہناہے کہ زمین کی لیز کی منسوخی سیاسی انتقام کی کارروائی ہے۔ ان کے مطابق اس کا تعلق لداخ کی چھٹے شیڈول اور مکمل ریاست کے تحت تحفظ کی مہم سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی وسائل لداخ کے رہنماو¿ں کی شبیہ کو خراب کرنے کے مقصد سے مہمات کو فنڈ دینے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
صدر سے اپنی اپیل میں وانگچک نے لداخ کی حکمرانی سے متعلق اہم مسائل بھی اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ میں جمہوری حقوق اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے صدر مرمو سے لداخ اور اروناچل پردیش سمیت سرحدی علاقوں کے باشندوں کے لیے مساوی حقوق، جمہوری آزادی اور انصاف کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔








