بھارت

سکھ رہنما کے قتل کی سازش کے معاملے میں امریکہ کا بھارتی حکومت کو عدالتی سمن جاری واشنگٹن

واشنگٹن: امریکہ نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں سفارتی ذرائع کے ذریعے بھارتی حکومت کو عدالتی سمن اور قانونی نوٹس بھجوا دیے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سابق سربراہ سمنت گوئل کو بھی عدالتی سمن جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عدالتی سمن اور مقدمے سے متعلق دستاویزات 9 اکتوبر کو واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے حوالے کی گئی تھیں۔ بھارتی حکومت کو عدالتی نوٹس پہنچانے کے قانونی طریقہ کار کا تعین کرنے کے لیے 30 ستمبر کو ایک سفارتی مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
یہ مقدمہ امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024ءمیں نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں دائر کیا تھا۔ انہوں نے بھارتی حکومت اور بعض اعلیٰ حکام پر امریکہ میں انہیں قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ بھارتی سفارت خانے کو عدالتی نوٹس کا اجراءایک قانونی تقاضے کے تحت کیاگیا ہے۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ امریکی حکومت نے بھارتی حکام کے خلاف عائد الزامات کی تصدیق کر دی ہے۔
عدالت کی گرپتونت سنگھ پنوں کو اجیت ڈوول اور سمنت گوئل کو سمن بھجوانے کی اجازت
دریں اثناءیک علیحدہ حکم میں نیویارک کی وفاقی عدالت نے گرپتونت سنگھ پنوں کو بھارتی عدالتی نظام کے ذریعے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور” را“ کے سابق سربراہ سمنت گوئل کو عدالتی سمن بھجوانے کی اجازت دے دی ہے۔عدالتی حکم کے مطابق دونوں بھارتی حکام کو سمن کی تعمیل کرانے کے لیے دہلی کی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں مطلوبہ دستاویزات 30 نومبر 2026ءتک جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں امریکہ میں قائم سکھ تنظیم ”سکھز فار جسٹس“ کے جنرل کونسل ہیں اور وہ بھارت سے الگ آزاد سکھ ریاست ”خالصتان“ کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی استغاثہ کے مطابق بھارتی شہری نکھل گپتا نے پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے تحت ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا تھا جسے وہ کرائے کا قاتل سمجھتا تھا۔ تاہم، وہ شخص درحقیقت امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار تھا۔ گپتا کو جون 2023ءمیں جمہوریہ چیک میں گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں امریکہ منتقل کر دیا گیا۔
فروری 2026ءمیں نکھل گپتا نے امریکی عدالت میں تین الزامات کا اعترافِ جرم کیا، جن میں کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی سازش، قتل کی مبینہ سازش میں معاونت اور منی لانڈرنگ کی سازش شامل ہیں۔امریکی حکام نے اس منصوبے میں بھارت کے سابق سرکاری اہلکار وکاس یادو کا نام بھی لیا ہے۔ اکتوبر 2024ءمیں ان کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button