دیوالی کے بعد بھارت میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ
کینسر کا باعث بننے والے زہریلے ذرات کی مقدار 60گنا بڑھ گئی
نئی دہلی: دیوالی کے بعد بھارت میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیاہے اور فضا میں کینسر کا سبب بننے والے زہریلے ذرات کی مقدار مقررہ حد سے تقریبا 60گنا بڑھ گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں دیوالی کے موقع پر بڑے پیمانے پر آتش بازی کے نتیجے میں زہریلے دھوئیں اور فضائی آلودگی نے بھارت سمیت پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک کو شدید ماحولیاتی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
عالمی جریدہ ایشیا بزنس ڈیلی کے مطابق دیوالی کے بعد بھارت میں کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کا سبب بننے والے انتہائی باریک زہریلے ذرات کی مقدار 879 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ عالمی ادارہ صحت کی مقررہ محفوظ حد سے 60گنا زیادہ ہے۔
بھارت کے ادارہ برائے انسدادِ آلودگی کے پیمانے پر فضائی معیار پانچویں درجے تک گر گیا ہے جو "انتہائی ناقص کیفیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک برطانوی تحقیقی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سال 2009 سے 2019کے دوران فضائی آلودگی کے اثرات کی وجہ سے 38 لاکھ سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ زہریلا دھواں اور سموگ ہوا کے ذریعے پاکستان کی سرحدی علاقوں خصوصا پنجاب میں داخل ہو کر خطے میں سانس اور صحت کے سنگین مسائل پیدا کر رہے ہیں۔







