بھارت: ضلع سنبھل میں ایک اور مسجد بلڈوزر سے مسمار
سنبھل:بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں ایک اور مسجد کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا گیا، جو مساجد، مدارس، عیدگاہوں اور مزارات کی مسماری کے جاری سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقے اسملی کے قطب پور سٹہ گائوں میں 130مربع میٹر رقبے پر تعمیر کی گئی مسجد کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں بلڈور سے مسمار کیاگیا ۔
اسملی کے سرکل آفیسر امن سنگھ نے دعویٰ کیاہے کہ پولیس اور محکمہ مال کے حکام کو مقامی رہائشیوں کی جانب سے اطلاع شکایت موصول ہوئی تھی کہ قطب پور سٹہ گائوں میں غیر قانونی طور پر مسجد تعمیر کی جا رہی ہے۔ انکوائری کے بعد سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے مسجد کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے مسمار کرنے کا حکم جاری کیا۔
اس سے قبل4جنوری کو حکام نے سلیم پور کے علاقے میں ایک مدرسہ اور تجارتی دکانیں بھی مسمار کیں تھیں۔17پریل کو حکام نے اسملی کے علاقے مبارک پور بند میں مسجد کے 35فٹ بلند مینار اور دیگر حصوں کے علاوہ ایک عیدگاہ اور ایک امام بارگاہ کو گرا دیاتھا۔20جون کو انتظامیہ نے بابا صلاح الدین ڈھاک کے 50سال پرانے مزار کو مسمار کر دیاتھا۔
جولائی میں تحصیلدار عدالت کے احکامات کے بعد دو الگ الگ عیدگاہوں کو مسمار کیاگیاتھا ۔روزنامے دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق 14 جولائی کو مادھن گائوں میں ایک عیدگاہ مسمار کی گئی جبکہ تین دن بعد 17جولائی کو حضرت نگر گڑھی پولیس کی حدود میں ایک اور عیدگاہ مسما رکردی گئی تھی ۔
رہائشیوں اور مساجد کی کمیٹیوں نے تجاوزات کے دعوں کوسختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مساجد اورعیدگاہیں وقف کی گئی اراضی یا پیشگی منظوری سے خریدے گئے پلاٹوں پر قائم تھیں۔








