چینی فوجی طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل، 25 منٹ تک علاقے میں موجود رہا
نئی دہلی: ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیاہے کہ 12 نومبر کو ایک چینی فوجی طیارہ سکم کے راستے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا اور بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کی جانب سے بار بار انتباہات کے باوجود تقریباً 25 منٹ تک علاقے میں پرواز کرتا رہا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طیارے کی نشاندہی صبح تقریباً 8 بجے 25 ہزار فٹ کی بلندی پر کی گئی۔ بھارتی فضائیہ نے مبینہ طور پر متعدد بار اسے چینی حدود میں واپس جانے کی ہدایت کی، تاہم طیارہ علاقے میں پرواز کرتا رہا۔
فضائی حدود کی یہ مبینہ خلاف ورزی تزویراتی لحاظ سے انتہائی اہم سلی گوڑی کوریڈور کے قریب کی گئی جسے ’چکنز نیک‘ (مرغی کی گردن) بھی کہا جاتا ہے۔ یہ راہداری بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں کو ملک کے دیگر حصوں سے ملاتی ہے۔
طیارے کی اصل نوعیت، پرواز کے راستے اور اس کے مقصد کے بارے میں تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس واقعے نے بھارت اور چین کی سرحد پر سکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے، تاہم بھارتی دفاعی حکام نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔






