بھارت: ہریانہ پولیس نے فائرنگ کرکے دو مسلمان نوجوانوں کو قتل کردیا
چندیگڑھ : بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میں پولیس نے مویشیوں کی مبینہ اسمگلنگ کے شبہے میں دو مسلمان نوجوانوں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت صابر اور گبر کے ناموںسے ہوئی ہے، جبکہ اس واقعے میں طاہر نامی ایک تیسرا شخص زخمی ہوگیا۔ طاہر کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فیروزپور جھرکہ میں کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کی ٹیم نے دعویٰ کیا کہ اسے اتوار کی صبح مویشیوں کی مبینہ اسمگلنگ کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ٹیم کے مطابق مشتبہ گاڑی کو روکنے کے لیے راستے میں ناکہ بندی کی گئی تھی۔
نوح پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ ہم نے لاشیں مردہ خانے میں رکھوا دی ہیں اور اہل خانہ کو اطلاع دے دی ہے۔ معاملے کی مجسٹریٹ کے ذریعے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ہریانہ میں اس سے قبل بھی ہندو انتہا پسندوںکی جانب سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور انہیں ہجومی تشدد کے ذریعے قتل کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جبکہ مسلمان نوجوانوں کے خلاف پولیس تشدد کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ ان میں سے بیشتر واقعات میں متاثرین پر مویشیوں کی اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے جن کی ان کے اہل خانہ نے تردید کی ہے۔







