میر واعظ کامقبوضہ جموں و کشمیر میں بار بار مضر صحت اور سڑے ہوئے گوشت کی برآمدگی پر جوابدہی کا مطالبہ
بھارت سے غیر معیاری گوشت کی ترسیل کشمیری عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی دانستہ کوشش ہے: مبصرین
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے علاقے میں بھارت سے باربار سڑے ہوئے گوشت کی برآمدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ گزشتہ سال عوامی احتجاج اور حکام کی سخت کارروائی کی یقین دہانیوں کے باوجود یہ سلسلہ کیوں نہیں رک سکا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ دہلی سے آنے والی ریلوے مال گاڑی سے تازہ ترین کارروائی کے دوران سڑا ہوا گوشت برآمد ہونے کے واقعے نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس سے غذائی تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانیوں کے باوجود ایسے واقعات مسلسل کیوں پیش آرہے ہیں۔
میر واعظ نے سوال اٹھایاکہ گزشتہ سال عوامی احتجاج اور حکام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانیوں کے باوجود یہ سلسلہ بلا روک ٹوک کیسے جاری ہے؟ اس مکروہ عمل کے پیچھے موجود عناصر کو بے نقاب کرکے سخت سزا کیوں نہیں دی جارہی؟انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے مسلسل رونما ہونے سے عوام میں تشویش پیداہو رہی ہے۔ حکام کو اس معاملے کے تمام حقائق سامنے لانے چاہئیں۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس عمل کو سنگین جرم قرار دیا۔میر واعظ نے کہا کہ عوام کا خوراک کی حفاظت پر اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت سے کشمیر میں سڑے ہوئے اور غیر محفوظ گوشت کی ترسیل کشمیری عوام کی صحت اور زندگیوں سے کھیلنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قابض حکام اس مکروہ دھندے میں ملوث مافیا کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہے ہیں۔








