مقبوضہ جموں وکشمیر میں سڑا ہوا گوشت کس نے داخل ہونے دیا؟ کے سی سی آئی کا تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کشمیر ایوان صنعت وتجارت (کے سی سی آئی)نے وادی کشمیر میں مختلف کارروائیوں کے دوران تقریبا دو ٹن سڑا ہوا گوشت برآمد ہونے پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کے سی سی آئی کے صدر جاوید احمد ٹینگا نے ایک بیان میں کہا کہ تازہ ترین کارروائی خاص طور پر تشویشناک ہے۔ یہ کھیپ اچانک معائنے کے دوران پکڑی گئی۔ اس سے یہ سنگین سوال پیدا ہوتا ہے کہ کتنا غیر محفوظ گوشت بغیر کسی جانچ کے کشمیر میں داخل ہوچکا ہوگا۔جاوید احمد ٹینگا نے کہاکہ اگر معمول کے معائنے کے دوران اتنی بڑی کھیپ پکڑی جاسکتی ہے تو بڑا سوال یہ ہے کہ کتنا سڑا ہوا یا غیر معیاری گوشت بغیر جانچ کے گزر چکا ہوگا۔ ہمیں معلوم نہیں کہ ایسا کتنا گوشت کشمیر لایا جارہا ہے، کتنا بازاروں میں پہنچ چکا ہے اور کیا اس کی کوئی مقدار پہلے ہی صارفین کو فروخت کی جاچکی ہے؟
اس معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا بار بار پیش آنا اس بات پر سوال اٹھاتا ہے کہ آیا گزشتہ سال سڑے ہوئے گوشت کے تنازعے سے سبق سیکھا گیا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے واقعے کے اثرات ابھی تک ہماری یادداشت میں تازہ ہیں۔ یہ محض غذائی تحفظ کا معاملہ نہیں بلکہ کشمیر کے لیے ایک معاشی بحران بھی بن گیا تھا۔ ریستوران بند ہونے پر مجبور ہوگئے تھے، کاروباروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہوگئے اور گوشت کی تجارت اور مہمان نوازی کے شعبے سے وابستہ ہزاروں خاندان معاشی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوئے تھے۔جاویدٹینگا نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وادی کشمیر میں بغیر ہڈی کے گوشت، مرغی اور دیگر گوشت کی مصنوعات لانے والے تمام داخلی راستوں پر سخت نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے۔
درآمدی کھیپوں اور ذمہ داروں کی شناخت کا مطالبہ
کے سی سی آئی نے مطالبہ کیا کہ ہر کھیپ کی انوائسز اور ای وے بلز سے لازمی طور پر تصدیق کی جائے۔ اس کا مقصد غلط بیانی، معلومات چھپانے یا درآمد کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔چیمبر نے کہا کہ تحقیقات میں مال بھیجنے والوں، درآمد کنندگان، ٹرانسپورٹروں اور مال وصول کرنے والوں کی شناخت بھی کی جانی چاہیے۔ سپلائی چین کے ہر مرحلے پر ذمہ داری کا تعین ضروری ہے۔کے سی سی آئی نے مطالبہ کیا کہ اس دھندے میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرکے ان کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہیں سخت قوانین کے تحت مقدمات کا سامنا بھی کرنا چاہیے۔








