مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھٹے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں کاسلسلہ جاری
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے آج مسلسل چھٹے روز بھی ضلع کولگام، کشتواڑ اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کولگام میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کی ایک پارٹی پر حملے اور بدھ کے روز کشتواڑ میں اسپیشل آپریشنز گروپ(ایس او جی)کے دو اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی فورسز نے سرینگر، بڈگام، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کشتواڑ سمیت مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کاسلسلہ جاری رکھا۔600 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا ۔ ان میں سے بیشتر کو پولیس اسٹیشنوں میں منتقل کردیا گیاجہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سرینگر جموں شاہراہ اور ملحقہ سڑکوں پر مزید رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جبکہ گاڑیوں کی تلاشی کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔سڑکوں پرمزید چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ بھارتی فورسز نے اپنی گشت بھی بڑھادی ہے اور شہریوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے جبکہ ان کی نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔بھارتی فورسز نے ان کارروائیوں کی آڑ میں کشمیریوں کو ہراساں کیااور ان کی نقل و حرکت کی آزادی سلب کر لی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات
انسانی حقوق کی تنظیمیں متنازعہ علاقے میں بھارتی فورسز کی جانب سے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، دوران حراست تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتساب کے فقدان کے بارے میں بارہا تشویش ظاہر کرچکی ہیں۔فوجیوں کی وسیع پیمانے پر تعیناتی، مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔
آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (افسپا) جیسے کالے قانون کے تحت بھارتی فوجیوں کو وسیع اختیارات حاصل ہیں۔ یہ قانون حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر ان کے خلاف قانونی کارروائی سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے اس قانون کو جوابدہی کے فقدان اور استثنیٰ کے ماحول کو فروغ دینے کا ذمہ دار قرار دیتی رہی ہیں۔
کشمیری عوام بدستور فوجی محاصرے اور پابندیوں کا شکار
کشمیری عوام طویل عرصے سے جاری فوجی تعیناتی، نگرانی اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوں کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں۔انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی یقینی بنانا، شہریوں کو ہراسانی اور من مانی گرفتاریوں سے تحفظ فراہم کرنا اور کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں اور بنیادی حقوق کا احترام کرنا تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے ناگزیر ہے۔









