پاکستان میں گوردوارے آباد ہورہے ہیں، بھارت میں کھلبلی مچ رہی ہے
اسلام آباد: جب بھی پاکستان کسی گوردوارے کا دروازہ کھولتا ہے توبھارتی ٹیلی ویژن چینلز سازش کی ایک نئی فائل کھول لیتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 8نومبر کو لاہور کا گوردوارہ چھیویں پاتشاہی جو 1947سے خاموش تھا، 79برس بعد ایک بار پھر آباد کیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے اقلیتوں خصوصا سکھوں پر مودی حکومت کے مظالم چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔ یہ صحافت نہیں خوف پھیلانے کی مہم ہے۔ خوف اس بات کا کہ ننکانہ صاحب میں عزت و احترام پانے والا یاتری گھر لوٹ کر یہ سوال کرے گا کہ نئی دہلی نے کرتارپور راہداری کیوں بند کی اور خود بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلی نے مرکزی حکومت پر دوہرے معیار کا الزام کیوں لگایا۔
پاکستان بھر میں 50سے زائد گوردواروں کی بحالی کا کام جاری ہے۔بھارتی میڈیا کوسکھ ورثے پر کسی کو لیکچر دینے سے پہلے اپنے بلڈوزروں پر نظر ڈالنی چاہیے۔ اپریل 2017میں اندور میونسپل کارپوریشن نے گوردوارہ کرتار کیرتن صاحب مسمار کر دیا۔ مئی 2025میں ترن تارن کے گائوں کانگ کے دیہاتیوں کو ان اہلکاروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونا پڑا جو کٹرا ایکسپریس وے کے لیے ان کا گوردوارہ گرانے آئے تھے۔
جون 2025میں ممبئی کی بلدیہ نے اندھیری کے علاقے لوکھنڈوالا میں ایک گوردوارہ گرا دیا۔ شیلانگ میں میگھالیہ حکومت کی ایک کمیٹی نے 200سال پرانے گوردوارہ گرو نانک دربار کو مسمار کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ اروناچل پردیش میں ایس جی پی سی کے مطابق میچوکا کے گوردوارہ گرو نانک تپستھان کو بدھ مت کی عبادت گاہ میں تبدیل کر دیا گیا۔
مودی کے میڈیا کے پاس ان میں سے کسی بات کا جواب نہیں۔ اسی لیے وہ گمنام ”انٹیلی جنس رپورٹس”کا سہارا لیتا ہے جہاں عبادت جاسوسی اور لنگر بھرتی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔
سچ سیدھا سا ہے۔ پاکستان سکھ ورثے کو بحال کر رہا ہے، جبکہ بھارت اسے بلڈوز کر رہا ہے، اس تک رسائی روک رہا ہے اور پھر سازش کا شور مچا رہا ہے۔ اس کی بوکھلاہٹ ہی اس کا اعتراف ہے۔ پاکستان اقلیتوں کے ساتھ بھارت سے کہیں بہتر سلوک کر رہا ہے۔








