مودی دور حکومت میں بھارت اور مقبوضہ کشمیرمیں عدم برداشت میں خطرناک حد تک اضافہ
اسلام آباد: آج دنیا بھر میں برداشت اور رواداری کا عالمی دن منایا جارہاہے تاہم نریندر مودی کے دور حکومت میں بھارت اوراسکے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت میں خطر ناک حد تک اضافہ ہو ا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے اس عالمی دن کے حوالے سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اورمقبوضہ کشمیرمیں خاص طورپر 2014میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کے خلاف ظلم و تشدد ، دھمکیوں ، خوف و دہشت اور ہراساں کرنے کے واقعات میں تیز ی سے اضافہ ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت اقلیتوں کو پسماندہ رکھنے اور اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ریاستی پالیسی کے طور پر ان ہتھکنڈوں کو استعمال کر رہی ہے۔
رپورٹ میں بڑھتی ہوئی مذہبی عدم برداشت، نفرت انگیز جرائم اور اقلیتی برادریوں بشمول مسلمانوں، مسیحیوں ، دلت اور سکھوں کے خلاف دشمنی کو اجاگر کیا گیا۔بھارت میں ہندوتوا نظریہ کے فروغ نے ایک ایسا ماحول پیدا کردیا ہے جس میں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی سماجی، معاشی اور جسمانی دھمکیوں کا سامنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جہاں رواداری کا عالمی دن شمولیت، پرامن بقائے باہمی اور متنوع مذہبی عقائد، اقدار اور ثقافتوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیتا ہے، وہیں بھارت بی جے پی حکومت کی سرپرستی میں ہندوتوا گروپ اقلیتوں کو تشدد، ڈرانے دھمکانے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں، بھارتی فوجیوں اور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں بشمول این آئی اے اور ایس آئی اے نے کشمیریوں کے خلاف اپنی جابرانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کشمیری عوام کو اپنے بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پرشدید ریاستی جبر کا سامنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت منظم طریقے سے ہندوتواایجنڈے کو فروغ دے رہی ہے۔
میں بی جے پی ، آرایس ایس ، بجرنگ دل ، وشوا ہند و پریشد اور دیگرہندوتوا تنظیمو ں نے مودی حکومت کی سرپرستی سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔بھارت میں مسلمان اور دیگر اقلیتیں مسلسل خو ف ودہشت کے ماحول میں زندگی بسر کر رہی ہیں کیونکہ مودی حکومت نے اپنی پالیسیوں کو ہندوتوا نظریے کے مطابق ڈھال دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی ناموں سے منسوب شہروں، دیہات اور سڑکوں کے نام تبدیل کئے جارہے ہیں ۔ان اقدامات کا مقصدمسلمانوں کے ورثے کوختم کرنا اور اقلیتوں کی تاریخی اور ثقافتی شراکت کو مٹاناہے ۔
رپورٹ میں انتہا پسند ہندو گروپوں کی طرف سے عیسائیوں اور دلتوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی گئی۔ہندوتوا تنظیمیں دیہات میں کمزور کمیونٹیز کو نشانہ بنا رہی ہیں، گرجا گھروں پر دھاوا بول رہی ہیں، مذہبی لٹریچر کو جلا یا جارہاہے ، اسکولوں اور عبادت گزاروں پر حملے کئے جارہے ہیں ۔
رپورٹ اس میں کہا گیا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کو اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے اپنے آئینی حق کے استعمال میں پابندیوں اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ یہاں تک کہ پرامن مذہبی اجتماعات اور عبادتیں بھی اقلیتی برادریوں کے لیے عدم تحفظ کا باعث بن چکی ہیں۔
اقلیتوں کو جسمانی، نفسیاتی، سماجی اور معاشی ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ فرقہ وارانہ تشدد کے مرتکب افراد کو اکثر استثنی حاصل ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیاگیا ہے کہ ہندو انتہا پسند گروپوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کو بری طرح نقصان پہنچا رہی ہے۔بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کی طرف سے رواداری، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے عالمی اصولوں کے بالکل برعکس ہے۔رپورٹ میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زوردیاگیاہے کہ وہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور انکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔






