نیشنل کانفرنس کا بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کےقتل کے بارے میںجھوٹا دعویٰ کرنے پر بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور بی جے پی قیادت سے عوام سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالاراجیہ سبھا کے رکن چوہدری محمد رمضان نے شگن پریہار کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی جموں و کشمیر میں عوامی مسائل، ترقی اور بنیادی ضروریات پر توجہ دینے کے بجائے ہندو مسلم تقسیم اور مذہبی منافرت کو ہوا دے رہے ہیں۔چوہدری رمضان نے کہا کہ مساجد جیسے مقدس مذہبی مقامات کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد کے بغیر حساس معاملات میں مذہبی اداروں کا نام لینا مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کر سکتا ہے۔
چوہدری رمضان نے مطالبہ کیا کہ حکام شگن پریہار کے بیان کا سنجیدہ نوٹس لیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کریں اور قانون کے مطابق کارروائی شروع کریں۔انہوں نے بی جے پی قیادت سے مطالبہ کیاکہ وہ فرقہ وارانہ، جھوٹے اور گمراہ کن بیان پر عوام سے غیر مشروط معافی مانگے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو مذہبی تقسیم کے بجائے امن، بھائی چارے، روزگار اور ترقی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت پھیلانے، مساجد کو نشانہ بنانے یا لوگوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
اس سے قبل بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے دعویٰ کیا تھا کہ کشتواڑ میں دو ایس پی اوز کے قتل سے قبل ایک مسجد سے اعلانات کیے گئے تھے۔ تاہم انہوں نے نہ تو اس مسجد کی نشاندہی کی اور نہ ہی اپنے الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش کیا۔ جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایس پی اوز کے قتل میں بھارتی فوجی اہلکار ملوث ہیں اور بی جے پی کی رکن اسمبلی جان بوجھ کر مسجد کو اس واقعے سے جوڑ رہی ہیں تاکہ اسے فرقہ وارانہ رنگ دیاجائے۔








