کولگام میں ایک اور فرضی مقابلہ، ایک اور معصوم کشمیری کا ماورائے عدالت قتل، اہلِ کشمیر انصاف کے منتظر
محمد شہباز
ایک اور معصوم کشمیری کا خون بہایا گیا، ایک اور گھر اجاڑ دیا گیا اور ایک اور خاندان سے اس کا سہارا چھین لیا گیا۔ بھارتی دستِ قاتل کا یہ سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔ آخر اہلِ کشمیر کس در پر دستک دیں اور کس کے سامنے فریاد کریں؟
مقبوضہ جموں و کشمیر میں 1990 سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جاری تحریک آزادی کے خلاف بھارتی فوجی کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے زیاں، جبری گمشدگیوں، دورانِ حراست و ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں کے درجنوں واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ ان واقعات میں بعض ایسے بھی ہیں جن کی تحقیقات نے بھارتی سرکاری دعووں کو غلط ثابت کرکے ان کا پول کھول دیا، قتل عام کے بعض واقعات میں اگرچہ بھارتی فوجی اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی چلے اور کچھ واقعات آج بھی غیر حل شدہ سوالات کی صورت میں موجود ہیں۔مگر آج تک ایک بھی بھارتی فوجی کو نہ سزا ہوئی اور نہ ہی انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے۔بھارتی فوجی انعام اور ترقیوں کے حصول کی لالچ کیلئے معصوم کشمیریوں کا خون بے دردی سے بہاتے ہیں۔ معصوم کشمیریوں کا خون بہانے کیلئے بھارتی حکمرانوں نے اپنے سفاک فوجیوں کو بدنام زمانہ AFSPAکی شیلڈ فراہم کی،جس کے باعث بھارتی فوج کو مکمل استثنا حاصل ہے۔ نہ کسی عدالت میں بھارتی فوج کے خلاف کیس دائر کیا جاسکتا ہے اور وہ تمام سزا ﺅں سے مبرا بھی ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ ان خاندانوں کی خونچکاں تاریخ اور حکایت ہے جن کے پیارے دن دیہاڑے گھروں سے اٹھائے گئے، جن کی لاشیں برسوں بعد ملیں، جنہیں عسکری تحریک سے وابستہ قرار دے کر جرم بیگناہی کی پاداش میں مار دیا گیا اور جن کے اہل خانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جگہ جگہ ہزاروں گمنام قبریں اور ان میں مدفوں ہزاروں کشمیری آج بھی بزبان حال کہہ رہے ہیں کہ کیوں اور کس جرم کی پاداش میں انہیں جینے سے محروم کیا گیا۔حالانکہ ایک بنیادی اور سادہ سوال ہے۔ کسی شخص کو عسکری تحریک کیساتھ وابستہ قرار دیکر قتل کرنا قابل قبول ہو سکتا ہے؟ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کسی بھی شخص کی زندگی اور منصفانہ عدالتی کارروائی کا حق بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپریل 1993 کی اپنی جاری کردہ رپورٹ میں 6 جنوری 1993 کو سوپور میں بارڈر سکیورٹی فورس بی ایس ایف کے اہلکاروں کو کم از کم 53 معصوم کشمیریوں کو قتل کرنے میں ملوث ٹھہرایا۔ رپورٹ میں گھروں کو نذرِ آتش کرنے، دکانوں کو لوٹنے اور نہتے شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی تفصیلات بھی درج کی گئیں۔ تنظیم نے اس دور میں کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور دورانِ حراست قتل کرنے کے واقعات کو بھی اجاگر کیا۔ جبکہ ہیومن رائٹس واچ کی 2006 کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق جنوری 1990 میں سرینگر کے گاو کدل پل پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم 35 مظاہرین شہید ہوئے، جبکہ بعض دیگر اطلاعات میں شہادتوں کی تعداد اس سے زیادہ بتائی گئی۔یہ مئی کا مہینہ تھا،جب ہزاروں کشمیری معروف مذہبی رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق کی نماز جنازہ میں شریک تھے۔ بھارتی فوجیوں نے نماز جنازہ کے جلوس پر بندوقوں کے دہانے کھول کر درجنوں افراد کو خون میں نہلایا۔
اکتوبر 1993 میں بیج بہاڑہ میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد اس وقت شہید کیے گئے،جب پورے مقبوضہ جموں وکشمیر میں درگاہ حضرت بل سرینگر کے طویل محاصرے کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہورہے تھے۔بیج بہاڑہ میں بھی جلوس نکالا گیا تھا،جس پر بھارتی سفاکوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور درجنوں افراد کو شہید کرکے انسانی حقوق کی مٹی پلید کی۔ ان خونریز واقعات نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے وحشیانہ طاقت کےاستعمال، شہریوں کے تحفظ اور بھارتی فوجیوں کے احتساب سے متعلق بنیادی سوالات کو جنم دیا۔
اسی طرح 20 مارچ 2000 کی رات جنوبی کشمیرکے گاوں چھٹی سنگھ پورہ میں بھارتی فوجیوں نے انسانیت کو شرما دینے والے ایک انتہائی دلدوز واقعہ میں 39سکھوں کا قتل کیا۔ اسوقت سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھارت کے دورے پر تھے۔ اس واقعے نے پورے مقبوضہ جموں وکشمیرکو صدمے سے دوچار کر دیا ۔مقصد تحریک آزادی کشمیرکو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔لیکن بھلا ہو سکھوں کا ‘ جنہوں نے بھارت کی اس مکروہ سازش کو طشت از بام کرکے بھارتی فوج کو ملوث قرار دیا۔اس سانحے کے محض پانچ روز بعد 25 مارچ 2000 کو ضلع اسلام آبادکے پتھری بل کے مقام پر بھارتی فوجیوں نے پانچ افراد کو ایک فرضی مقابلے میں شہید کرکے انہیں چھٹی سنگھ پورہ قتل عام میں ملوث غیر ملکی عسکریت پسند قرار دیا۔تاہم مقامی لوگوں اور شہدا کے اہل خانہ نے اس بھارتی فوجی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مارے جانے والے افراد بے گناہ شہری تھے۔ بعد ازاں لاشوں کی شناخت اور ڈی این اے ٹیسٹ سے یہ بات ثابت ہوئی کہ شہید ہونے والے افراد غیر ملکی عسکریت پسند نہیں بلکہ مقامی شہری تھے۔بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے 2006 میں پانچ بھارتی فوجی اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی اور یہ لکھا کہ پتھری بل کا واقع ایک جعلی مقابلہ تھا۔لیکن طرفہ تماشا یہ کہ بھارتی فوجی حکام نے 2014 میں چھٹی سنگھ پورہ کا مقدمہ بند کرکے کہا کہ بھارتی فوجی اہلکاروں کے خلاف بادی النظر میں مقدمہ ثابت نہیں ہوتا۔ یوں اس کیس میں عدالتی احتساب کا سوال بدستور متنازع رہا۔
پتھری بل کے بعد 3 اپریل 2000 کو براکہ پورہ میں اس قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ میں آٹھ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ جسٹس ایس آر پانڈین کمیشن نے اس واقعے میں بھارتی سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں کے غیر ضروری اور غیر قانونی طاقت کے استعمال کی نشاندہی کی۔ چھٹی سنگھ پورہ اور پتھری بل کے غیر انسانی واقعات مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں اس لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں کہ ایک طرف 39 سکھوں کا قتل عام ہوا اور دوسری طرف اس قتل عام میں ملوث ٹھہرائے گئے پانچ افراد کی شہادت کے بارے میں بھارتی سرکاری موقف تحقیقات کے بعد غلط ثابت ہوا۔یہ دونوں واقعات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ ریاستی دہشت گردی کا شکار ہونے والے کشمیری، خواہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، انصاف اور تحفظ کے یکساں حق دار ہیں۔
29 اپریل 2010 کو شمالی کشمیر کے مژھل کپواڑہ میں تین نوجوانوں شہزاد احمد، ریاض احمد اور محمد شفیع کو ملازمت اور اچھی رقم دلانے کا جھانسہ دے کر گھر سے لے جایا گیا۔ ان تینوں کا تعلق ضلع بارہمولہ کے نادی ہل گاؤں سے تھا۔بعد ازاں بھارتی فوج نے انہیں ایک مقابلے میں شہید کرکے غیر ملکی عسکریت پسند قرار دیا۔ تاہم اہل خانہ نے ان کی شناخت کے حوالے سے سوالات اٹھائے اور احتجاج کیا۔تحقیقات اور لاشوں کی شناخت کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ تینوں نوجوان مقامی شہری اور مزدور تھے، جنہیں روزگار کی تلاش کی لالچ میں لے جایا گیا تھا۔اس واقعے میں چھ فوجی اہلکاروں کو فوجی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی، جس کی 2015 میں بھارتی فوج کی ناردرن کمانڈ نے توثیق بھی کی۔ یہ کیس اس بات کی ایک اہم مثال ہے کہ جعلی مقابلے کے واقعات صرف عوامی احتجاج تک محدود نہیں رہے بلکہ ایک بھارتی فوجی عدالتی کارروائی میں بھی سزا تک پہنچے۔
18 جولائی 2020 کو ضلع شوپیاں کے امشی پورہ میں بھارتی فوج نے ایک کارروائی کے دوران تین افراد کو شہیدکرکے عسکریت پسند قرار دیا۔ ان کی شناخت امتیاز احمد، ابرار احمد اور محمد ابرار کے ناموں سے ہوئی، جن کا تعلق راجوری سے تھا۔تینوں نوجوان روزگار کی تلاش میں وادی کشمیر مزدوری کی غرض سے آئے تھے۔ جب ان کے اہل خانہ نے انہیں تلاش کرنا شروع کیا تو سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر سے ان کی شناخت ہوئی۔ بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ نے بھی ثابت کیا کہ شہید ہونے والے افراد راجوری کے یہی تین نوجوان تھے۔شدید عوامی دباو کے بعد پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم SIT نے اس معاملے میں اغوا اور قتل کے الزامات کے تحت چارج شیٹ داخل کی۔فوجی کارروائی کے بعد فوجی عدالت نے راشٹریہ رائفلز کے کیپٹن بھوپیندر سنگھ کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا تجویز کی۔تاہم نومبر 2023 میں آرمڈ فورسز ٹربیونل نے اپیل کی سماعت کے دوران سزا معطل کرکے کیپٹن بھوپیندر سنگھ کومشروط ضمانت دے دی۔ یہ کیس بھی اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ کسی کشمیری کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کرنے کے سرکاری دعوے کو آزادانہ تحقیقات، شناخت اور شواہد کی بنیاد پر جانچنا کتنا ضروری ہے۔
05اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کیے جانے کے بعد بھی انسانی حقوق کی صورتحال پر مسلسل سوالات اٹھتے رہے۔ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، مواصلاتی پابندیاں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کی سرگرمیوں پر قدغنیں اور فوجی کارروائیوں کے دوران شہری قتل عام بین الاقوامی اداروں کی توجہ کا مرکز بنا۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (OHCHR) نے جولائی 2019 کی اپنی رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال، من مانی گرفتاریوں، دورانِ حراست تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ رپورٹ نے ماضی کے واقعات میں جوابدہی کی کمی اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کے تحت قانونی تحفظات کو بھی اہم مسئلہ قرار دیا۔
2023 میں انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس (FIDH)، ایسوسی ایشن آف پیرنٹس آف ڈس اپیئرڈ پرسنز اور جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کی مشترکہ رپورٹ میں 1990 کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، تشدد اور جوابدہی کے فقدان سے متعلق سنگین معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ میں 8 ہزار سے زائد جبری گمشدگیوں کا تخمینہ بھی پیش کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار متعلقہ انسانی حقوق کے گروپوں کی رپورٹنگ پر مبنی ہیں۔
16نومبر 2026 میں ضلع کولگام کے لرو علاقے میں بھارتی فوجی کارروائی نے پھر ایکبار مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں اور دورانِ حراست قتل کے حوالے سے متعلق اس بات کو واضح کیا ہے،کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تعینات بھارتی فوجی جب اور جس وقت چاہتے ہیں ،معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔مقامی لوگوں کے مطابق عمر نثار ڈار کو بھارتی فوجیوں نے پہلے حراست میں لیا اور بعد ازاں ایک فرضی مقابلے میں شہید کیا۔ مقامی باشندوں نے بھارتی فوجی دعوے پر سوالات اٹھاتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یہ واقعہ اس لیے بھی اہم ہے کہ کولگام اور دیگر علاقوں میں مسلسل بھارتی فوجی محاصرے، تلاشی کارروائیوں اور گرفتاریوں کے باعث مقامی آبادی میں خوف اور بے یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔مقامی آبادی کے مطابق کسی بھی شہری کو حراست میں لینے کے بعد اس کی زندگی، سلامتی اور قانونی حقوق کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ اگر کسی شخص کی دورانِ حراست موت واقع ہوتی ہے تو اس کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ بعض سنگین واقعات میں بھی متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف نہیں مل سکا۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی 2006 کی رپورٹ Everyone Lives in Fear میں جعلی مقابلوں، دورانِ حراست قتل اور بھارتی فوجیوں کو حاصل قانونی تحفظات اور استنثا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں پتھری بل سمیت متعدد واقعات کی مثالیں پیش کی گئیں اور بتایا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کیلئے انصاف کا حصول کس قدر مشکل بنادیا گیا ہے۔ بد نام زمانہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کے تحت بھارتی فوجی اہلکاروں کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کیلئے بھارتی حکومت کی پیشگی منظوری درکار ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اس ظالمانہ قانونی نظام کو سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ دورانِ حراست قتل، جعلی مقابلوں اور جبری گمشدگیوں کی تحقیقات ایسے آزاد اداروں سے کرائی جائیں جو کسی فریق کے زیر اثر نہ ہوں۔
1990 سے آج تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے ہر قتل، ہر جعلی مقابلے اور ہر جبری گمشدگی کی الگ اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی گزشتہ تین دہائیوں سے زائد تاریخ میں چھٹی سنگھ پورہ سے پتھری بل، مژھل سے امشی پورہ اور اب کولگام تک ایسے واقعات بار بار دوہرائے جاتے رہے ہیں جنہوں نے مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق، شہریوں کے بنیادی تحفظ اور ریاستی اداروں کی جوابدہی کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کیے ہیں۔ان واقعات میں مارے جانے والے افراد کے خاندانوں کا مطالبہ صرف اتنا ہے کہ انہیں بتایا جائے کہ ان کے پیاروں کےساتھ کیا ہوا، انہیں کس جرم میں قتل کیا گیا اور اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو اسے سزا کیوں نہیں ملی؟کسی بھی ریاست کا اصل امتحان یہ نہیں کہ وہ کتنی فوجی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ یہ ہے کہ وہ عام شہریوں کی جان، عزت، آزادی اور بنیادی حقوق کا کس حد تک تحفظ کرتی ہے۔اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو اب محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھ کر عملی کردار ادا کرکے معصوم کشمیریوں کو بھارتی دہشت گردی سے بچانا ہوگا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی مقابلوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کی آزادانہ تحقیقات، مجروموں کا احتساب اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ناگزیر اور ان کا حق ہے۔بھارتی حکمرانوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ طاقت کے اندھا دھند استعمال اور معصوم لوگوں کو قتل کرنے سے معمول کے خوشنما حالات کا بیانیہ اب قابل قبول نہیں ہے۔ بندوق کے بل پر اہل کشمیر کو خاموش کرانا ممکن نہ پہلے تھا نہ اب ہے اور نہ ہی امن کا ڈھول پیٹ کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاسکتی ہے۔ قبرستان کی خاموشی کو امن کا نام دینا احمقوں کی دنیا میں رہنے کے مترادف ہے۔امن کا راستہ صرف انصاف، انسانی وقار، جوابدہی اور بنیادی حقوق کے احترام سے نکلتا ہے۔جس سے بھارتی حکمران ناآشنا،نابلد اور ناواقف ہیں۔







