مقبوضہ جموں و کشمیر

سونم وانگچک کا لہہ میں اپنی نظر بندی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لداخ خطے کے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے گھر میں اپنی مسلسل نظر بندی کے خلاف جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے لہہ بینچ سے رجوع کرلیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سونم وانگچک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ ہم نے ہائی کورٹ کے لہہ بینچ میں درخواست دائر کر دی ہے۔انہوں نے کہاکہ میری گھر میں نظر بندی کا ساتواں دن ہے۔ پورے لداخ میں احتجاج جاری ہے جو کونسل کے جبری انتخابات اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہے۔ لوگ میری غیر قانونی نظر بندی کے خاتمے اور رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سونم وانگچک نے کہاکہ ہمیں ہائی کورٹ پر پورا بھروسہ ہے اور امید ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک نہیں دینی پڑے گی۔انہوں نے اپنے وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں اپنے وکلا کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ آپ سب کی حمایت کا بھی شکریہ۔
لداخ انتظامیہ نے رواں ماہ کے اوائل میں سونم وانگچک پر 60 روز کے لیے پابندیاں عائد کرتے ہوئے انہیںکسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے، کسی ریلی، جلوس یا عوامی اجتماع کے انعقاد یا اس میں شرکت کرنے سے روک دیا تھا۔ بعد ازاں ماحولیاتی کارکن کواپنے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ۔
سونم وانگچک نے اس کے بعد بھارتی وزیر داخلہ، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر اور دیگر حکام کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ اس حکم کے نتیجے میں انہیں آزادانہ نقل و حرکت اور اظہارِ رائے کی آزادی کے حق سے مکمل طورپر محروم کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں کہاکہ حکم نامے میں درج ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) کا نفاذ بذاتِ خود اس بنیادی حق کو محدود کرنے یا ایسی پابندیاں عائد کرنے کا جواز نہیں بن سکتا جن کے نتیجے میں مجھے میرے گھر تک محدود کر دیا گیا، جب تک اس کے لیے کوئی وجہ موجود نہ ہو۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button