مقبوضہ جموں و کشمیر

پولیس ویریفیکیشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو ہراساں کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے:یوسف تاریگامی

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سینئر رہنما اور رکنِ اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے پولیس اور سی آئی ڈی (CID) ویریفیکیشن کے نام پر عام شہریوں کو ہراساں کرنے، ان کی تذلیل کرنے اور ان کے بنیادی و آئینی حقوق سلب کرنے پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف تایگامی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ مقبوضہ جموں و کشمیرکی ہائی کورٹ نے متعدد فیصلوں میں یہ اصول واضح کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو محض اس کے رشتہ داروں کے مبینہ ماضی یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر سکیورٹی کلیئرنس سے محروم نہیں کیا جا سکتا، لیکن زمینی سطح پر انتظامیہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں ایک نمبردار کے کیس میں ہائی کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے بھی اس بات پر حیرت ظاہر کی ہے کہ ”کرے کوئی اور بھرے کوئی“ کا قانون کیسے لاگو کیا جا سکتا ہے۔ تاریگامی نے افسوس کا اظہارکیا کہ ایسے تعلیم یافتہ اور محنت کش نوجوانوں کو پاسپورٹ اور سرکاری ملازمتوں کے لیے کلیئرنس نہیں دی جا رہی جن کے دور دراز کے رشتہ دار دہائیوں قبل فوت ہو چکے ہیں، حتیٰ کہ اس وقت ان نوجوانوں کی پیدائش بھی نہیں ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنے ذاتی تجربے کی ایک مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان پر جو پہلے سے ایک سرکاری محکمے میں ملازم تھا، ماضی میں ایک رشتہ دار کے اوور گراو¿نڈ ورکر (OGW) ہونے کا الزام لگا کر کلیئرنس روکی گئی تھی جو بعد میں کلیئر ہو گئی تھی۔ تاہم جب اسی نوجوان نے محنت کر کے جونیئر انجینئر کا امتحان پاس کیا تو اسے دوبارہ اسی پرانے اور بے بنیاد الزام کی آڑ میں ویریفیکیشن روک کر پریشان کیا گیا۔تاریگامی نے بتایا کہ اس دوہرے معیار کے خلاف انہیں خود ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سے مداخلت کی اپیل کرنی پڑی۔
بھارتی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ چونکہ پولیس اور امن و امان کا محکمہ براہِ راست ایل جی انتظامیہ اور بھارتی وزارتِ داخلہ کے ماتحت ہے، اس لیے ان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر قانون کے محافظ ہی قانون اور آئین کی خلاف ورزی کرنے لگیں تو امن کیسے قائم ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے، لگتا ہے بھارتی حکومت اسے ہضم نہیں کر پا رہی ہے، لیکن اسمبلی ہو یا گورنر راج، ملک کا آئین ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے وادی میں قیامِ امن کے سرکاری دعوو¿ں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 1990 کی دہائی سے قبل جموں و کشمیر پرامن ترین خطہ تھا جہاں سیاح بے خوف و خطر دور دراز علاقوں میں جاتے تھے اور آج بھی کشمیری عوام امن کے سب سے زیادہ خواہاں ہیں کیونکہ وہ دہائیوں تک بندوقوں کے سائے اور کراس فائر میں پسے ہیں۔
تاریگامی نے خبردار کیا کہ قابض انتظامیہ کے آمرانہ رویے اور من مانی سے پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب نوجوانوں کو تعلیم اور بیرونِ ملک محنت مزدوری کے مواقع سے محروم رکھا جائے گا اور عوام کو غیر ملکی یا دشمن سمجھ کر برتاو¿ کیا جائے گا تو اس سے لوگوں اور انتظامیہ کے درمیان دوریاں بڑھیں گی جس کا فائدہ امن دشمن عناصر اٹھائیں گے۔
انہوں نے بھارتی حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ویریفیکیشن کے موجودہ نظام پر فوری نظرِ ثانی کریں اور طاقت یا جبر کے بجائے عوام کا اعتماد جیت کر اور انہیں عزت دے کر خطے میں حقیقی امن کو یقینی بنائیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button