منی پور : فوجی گاڑی دریا میں گرنے سے بھارتی فوج کا کیپٹن ہلاک
امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں ایک فوجی بکتر بند گاڑی دریا میں گرنے سے بھارتی فوج کا ایک کیپٹن ہلاک جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ حادثہ ضلع امپھال ایسٹ کے علاقے لملائی چالو میں پیش آیا۔ آٹھویں بہار رجمنٹ کے اہلکاروں کو لے جانے والی فوجی گاڑی سڑک سے پھسل کر اٹام دریا میں جا گری۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 29 سالہ کیپٹن ہنومان رام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ زخمی اہلکاروں میں جیش ہمت، راکیش سرپاٹے اور اگنی ویر اکلیش کمار شامل ہیں،جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ منی پورمیں مئی 2023سے میتی اور کوکی زو برادریوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں جاری ہیں ۔ اس دوران 300 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔متاثرین کی بڑی تعداد اب بھی امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہے۔ بھارتی فورسز کی بھاری تعداد کی تعیناتی کے باوجود ریاست میں بدامنی اور تشدد کے واقعات جاری ہیں۔ بھارتی حکومت اور بی جے پی کی ریاستی حکومت کو بحران سے نمٹنے میں ناکامی پر اپوزیشن اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی سخت تنقید کا سامنا ہے۔







