بھارت :بھٹکل کی مسجدکا انجام بھی بابری مسجد جیسا ہوگا: بی جے پی رہنماکی دھمکی
بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن اننت کمار ہیگڑے نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ جس طرح بابری مسجد کو مسمارکیاگیا، بھٹکل کی مسجد کا بھی وہی انجام ہوگا۔
اننت کمار ہیگڑے نے جوبھارت کے سابق مرکزی وزیر بھی ہیں، کہا کہ جس طرح بابری مسجد کو گرایا گیا تھا اسی طرح بھٹکل میں چنندہ پلی مسجد کو بھی گرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میڈیا اسے دھمکی کہہ سکتا ہے لیکن ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے اورہم یہ کرکے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ اننت کمار ہیگڑے کا فیصلہ نہیں بلکہ ہندو برادری کا فیصلہ ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیگڑے نے کہا کہ ہندو برادری اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک دیگر مساجدکو واپس نہیں لیاجاتا۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیر ثقافت شیوراج تنگادگی سمیت کانگریس رہنمائوں نے نفرت انگیز تقریر پر ہیگڑے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اس سے قبل کرناٹک میں کانگریس کے رہنما ایس منوہر نے بی جے پی لیڈر کے خلاف ہائی گرائونڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس نے نفرت انگیز تقریرکرنے اور ضلع میں بدامنی پھیلانے پر ہیگڑے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔