مقبوضہ کشمیر :سائبیریا، چین اور یورپ سے مہمان پرندوں کی آمد شروع
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی اہم جھیلوں اورآب پناہ گاہوں میں بڑی تعداد میں مہمان پرندوں کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
سائبیریا، وسطی ایشیا، چین، مشرقی یورپ اور جاپان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے ساتھ ہی مہمان پرندے خوراک، پانی اور اپنے لیے موزوں مسکن کی تلاش میں طویل سفر کرکے مقبوضہ کشمیر کا رخ کرتے ہیں۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مہمان پرندوںکی ہوکرسر، ولر جھیل، شالہ بگ، ہائیگام اور میرگنڈ سمیت مقبوضہ کشمیر کی جھیلوں اور آبی گزرگاہوں میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔رواں سال مختلف موسمی وجوہات کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم اب ان کی ہجرت کا سلسلہ آگے بڑھ رہا ہے اور اگلے دو ہفتوں کے دوران ان کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف جلد ہی مہمان پرندوں کاسروے جاری کرے گا، جس کے ذریعے مختلف جھیلوں میں پہنچنے والے مہمان پرندوں کی تعدادکے بارے میں بتایا جائے گا۔ سروے میں بتایاجائے گا کون کون سی نسل کے پرندے وادی کا رخ کر رہے ہیں، ان کی مجموعی تعداد کتنی ہے اور وہ کس کس آب گاہ میں موجود ہیں ۔ کشمیر میں مہمان پرندوں کی سالانہ آمد ایک اہم موسمی سرگرمی ہے۔ ہر سال ہزاروں پرندے سرد علاقوں سے ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرکے سردیاں گزارنے کے لیے وادی کشمیر کی جھیلوں اور آب گاہوں میں پہنچتے ہیں۔ ان کی آمد عموما اکتوبر میں شروع ہوتی ہے اور مختلف گروپوں کی صورت میں یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔ زیادہ تر پرندے مارچ تک یہاں قیام کرتے ہیں اور اس کے بعد اپنے افزائش نسل کے علاقوں کی طرف واپس لوٹ جاتے ہیں۔
ہوکرسر،و ولر، شالہ بگ، ہائیگام اور میرگنڈ مہمان پرندوں کے اہم ٹھکانے ہیں۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ایک اور افسر نے بتایا کہ یہ ویٹ لینڈز ان پرندوں کو سردیوں کے دوران ضروری رہائش فراہم کرتے ہیں، جو موسم کی تبدیلی کے ساتھ طویل فاصلے طے کرکے یہاں پہنچتے ہیں۔
کشمیر پہنچنے والے مہمان پرندوں میں مالارڈ، ناردرن پن ٹیل، یوریشین ٹیل، یوریشین کوٹ، گری لیگ گوز، پوچارڈ، گیڈوال، ویجن، ناردرن شاولر اور ٹفٹڈ ڈک شامل ہیں۔ برہمنی بطخ بھی ان پرندوں میں شامل ہے جو سردیوں کے دوران اس خطے کا رخ کرتے ہیں۔گزشتہ برس تقریبا 13لاکھ مہمان پرندے وادی کشمیر پہنچے تھے ۔وادی کی یہ جھیلیں ان پرندوں کو خوراک فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پناہ بھی فراہم کرتی ہیں۔ پانی، آبی پودوں اور خوراک کی دستیابی مختلف نسلوں کے پرندوں کے لیے ان علاقوں کو موزوں بناتی ہے۔







